طیارہ سانحہ : 160 نعشیں رو س روانہ

ماؤنٹ سینا ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے جزیرہ نما سینا میں روسی طیارے کی تباہی کی تحقیقات جاری ہیں اور روس کے ایک سرکاری اہلکار کا کہنا ہے کہ طیارہ زمین سے ٹکرانے سے قبل فضا میں ہی ٹوٹ گیا تھا۔اتوار کو صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وِکٹر سوروچنکو کا کہنا تھا کہ طیارے کا ملبہ 20 مربع کلومیٹر تک بکھرا ہوا ملا ہے۔ روس میں ملکی تاریخ کے سب سے تباہ کن طیارہ حادثے پر اتوار کو ایک دن کا سوگ منایا گیا ہے اور روسی حکومت کا ایک طیارہ اتوار کی شام مصر سے 160 سے زیادہ افراد کی نعشیں لے کر سینٹ پیٹرز برگ کے لیے روانہ ہوا ہے۔ اس سے قبل حادثے کی تفتیش کرنے والی ٹیم نے بتایا تھا کہ انھیں اب تک 224 میں سے 163 نعشیں ملی ہیں اور انھوں اپنی تلاش کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے تاکہ طیارے کا باقی ملبہ اور نعشیں تلاش کی جا سکیں۔ ہفتہ  کو کوروس کی گلیماویا نامی کمپنی کا ایئر بس اے 321 طیارہ حسانا نامی صحرائی علاقے میں گر کر تباہ ہوا اور اس پر سوار تمام 224 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ اب تک 163 نعشیں تلاش کر لی گئی ہیں لیکن کچھ نعشیں طیارے کے ملبے سے کافی دور سے ملی ہیں، جس کے بعد اب تلاش کا دائرہ 15 کلومیٹر تک بڑھا دیا گیا ہے۔