کھٹمنڈو ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نیپال میں خراب موسم کی وجہ سے حادثہ سے دوچار ہونے والے چھوٹے طیارے میں ہلاک شدہ تمام مسافرین کی نعشیں مل گئی ہیں جن میں دو بیرونی ملک کے مسافرین بھی شامل ہیں۔ کوہستانی علاقہ میں حادثہ کا شکار طیارہ کے جلے ہوئے ملبہ کی تلاش کا کام پولیس اور فوج کے سپرد کیا گیا تھا اور یہ لوگ کل سے ہی سرگرم تھے اور بالآخر طیارہ کا ملبہ میانڈی ڈسٹرکٹ کے کوہستانی علاقہ میں مل گیا۔ فی الحال صرف سات نعشوں کو پوکھرا لے جایا گیا ہے جہاں گندکی ہاسپٹل میں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ خآنگی تارا ایئر کے ایک اسٹاف رکن نے یہ بات بتائی۔ بدنصیب طیارہ پوکھرا کے ریسارٹ ٹاؤن سے جو مزوم کی جانب پرواز پر تھا جو ہمالیہ پر چڑھائی کرنے والے کوہ پیماؤں کا سب سے پہلا راستہ ہے جہاں سے چڑھائی شروع کی جاتی ہے جو ہندو عقیدتمندوں میں بھی کافی مقبول ہے کیونکہ یہاں ہندو عقیدتمند مکتی ناتھ مندر پر حاضری دیتے ہیں۔ بیرون ملک کے دو مسافروں میں سے ایک کا تعلق کویت سے اور دوسرے کا چین سے بتایا گیا ہے جبکہ مہلوکین میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ مابقی نعشوں کے پوکھرا لائے جانے اور پوسٹ مارٹم کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کردیا جائے گا۔