نئی دہلی ۔ 3 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ہندوستان نے آج سے یمن میں پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کا بذریعہ طیارہ تخلیہ شروع کردیا ہے جب کہ ایرانڈیا کا پہلا طیارہ صنعاء پہنچ گیا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ سرگرم سفارتی کوششوں کے بعد ہندوستان نے بالاخر صنعاء میں طیارہ کے اترنے ( لینڈنگ ) کی اجازت حاصل کرلی اور ایر انڈیا کا پہلا طیارہ 120 مسافرین کے ساتھ پرواز کرے گا ۔ جنگ زدہ ملک سے وطن واپسی کے لیے تقریبا 2,500 ہندوستانی منتظر ہیں ۔ ترجمان نے بتایا کہ ہندوستان سے آج جملہ 4 طیارے روانہ کئے گئے ۔ جس کے ذریعہ 500 ہندوستانیوں کا تخلیہ کروایا جائے گا اور وطن واپسی کے بعد ان شہریوں کو ایرفورس کے طیاروں کو ان کے مقامات تک منتقل کیا جائے گا ۔ مملکتی وزیر خارجہ مسٹر وی کے سنگھ فی الحال یمن کے شہر ویچ بوئی میں قیام پذیر ہیں اور وہ ہندوستانیوں کے تخلیہ کی کارروائی کی نگرانی کررہے ہیں ۔ قبل ازیں ایرانڈیا نے 30 مارچ کو 180 نشستوں والے 2 ایربس مسقط روانہ کئے تھے تاکہ ہندوستانیوں کو صنعاء سے دچ بوئی منتقل کیا جاسکے ۔ لیکن متعلقہ حکام سے اجازت نہ ملنے پر یمن سٹی پرواز نہیں کرسکے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ تقریبا 35 ہندوستان یمن کی سرحد عبور کر کے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں اور اب وہ گیزان میں ہیں اور ہندوستانی حکام وطن واپسی کے لیے ان کی اعانت کررہے ہیں ۔ کل رات بھی 300 سے زائد ہندوستانیوں کو یمن کے بندرگاہی شہر الاحدیہ سے بحفاظت نکال لیا گیا ۔ اس طرح جنگ چھڑنے کے بعد سے اب تک جملہ 800 افراد کا تخلیہ کروایا گیا جب کہ بیشتر ہندوستانیوں کو بحری جہاز آئی این ایس سومترا کے ذریعہ عدن سے ہندوستان منتقل کیا گیا ۔ اور ایر فورس کے دو خصوصی طیاروں کے ذریعہ ویجی بوئی میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو وطن واپس لایا گیا ۔۔