طیاروں کی مرمت اور جانچ کے لیے جی ایم آر گروپ اور بامبار ڈائر کے درمیان یادداشت مفاہمت

ہندوستان میں پہلا پارٹنر : امریکی کمپنی ، سی ای او جی ایم آر روئے نائیڈو کا بیان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : امریکی کمپنی بامبار ڈائر نے جی ایم آر ایرو ٹیکنیک لمٹیڈ سے Q400 طیاروں کی مرمت و کارکردگی کی جانچ کا معاہدہ کرتے ہوئے ہندوستان میں اپنے پہلے پارٹنر کا اعلان کیا ہے ۔ بامبار ڈائرائیر کی جانب سے کئے گئے معاہدے کے مطابق اب بامبار ڈائیر کی جانب سے تیار کردہ طیاروں کی مرمت و نگہداشت جی ایم آر ایرو ٹیکنیک لمٹیڈ ہند ، ہندوستان میں اور اطراف کے ریجن میں کرے گا ۔ طیارہ ساز کمپنی نے جی ایم آر ایرو ٹیکنیک کو قابل اعتماد اور عصری ٹیکنیک سے آراستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کافی تجربات اور تکنیکی مراحل کی تکمیل کے بعد بامبار ڈائیر نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ جی ایم آر ایرو ٹیک کو Q400 طیاروں کی مرمت وغیرہ کے امور تفویض کئے جائیں ۔ جی ایم آر فی الحال 27 ہزار 300 مربع میٹر پر محیط طیاروں کی مرمت و نگہداشت کی سہولت شمس آباد ایرپورٹ رکھتا ہے اور جی ایم آر کی جانب سے فراہم کی جانے والی اس سہولت کو نہ صرف ڈائیریکٹریٹ جنرل ایویشن آف انڈیا بلکہ یوروپین یونین کی فضائی صیانت کی نگران ایجنسی ای اے ایس اے کا سرٹیفیکٹ بھی حاصل ہے ۔ جی ایم آر انٹرنیشنل ایرپورٹ سے متصل اس سہولت سے کئی ایجنسیاں استفادہ حاصل کررہی ہیں لیکن اب بامبار ڈائیر کی جانب سے جی ایم آر ایروٹیک سے معاہدہ کے بعد جی ایم آر کو اس خطہ میں مزید اہمیت حاصل ہوگئی ہے ۔ بامبار ڈائیر کمرشیل ائیر کرافٹس کے نائب صدر نشین مسٹر ٹاڈینگ کے بموجب جی ایم آر ایروٹیک کی بہتر ساکھ اور عصری آلات کے مشاہدے کے بعد یہ معاہدہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے جی ایم آر ایروٹیک کو ایک قابل اعتماد ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس فضائی ادارے کے ہمراہ معاہدے پر فخر ہے ۔ سی ای او جی ایم آر ایرو ٹیکنیکس لمٹیڈ مسٹر ادئے نائیڈو نے بتایا کہ گذشتہ 4 برسوں سے جی ایم آر کی جانب سے اپنے گاہکوں کو مختلف سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے اور اب بامبار ڈائیر کے ساتھ خدمات کی انجام دہی اعزاز سے کم نہیں ہے ۔ فی الحال ایشیاء میں امریکی کمپنی بامبارڈائیر کے 340 کمرشیل طیارے چلائے جارہے ہیں اور کئی طیارے خریدے جاچکے ہیں جو بہت جلد کمپنی حوالے کرے گی ۔۔