طیاروں میں بم رکھنے کی جھوٹی اطلاعات پر کارروائی

کال سنٹروں اور ایرلائنز دفاتر میں عصری آلات کی تنصیب
نئی دہلی 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شہری ہوا بازی کے شعبہ میں نظم و ضبط کے ادارہ ڈائرکٹر جنرل سیول ایویشن کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 3 سال کے دوران طیاروں کے ہنگامی حالت میں اترنے (ایمرجنسی لینڈنگ) بشمول بم رکھنے کی دھمکیوں کے 20 واقعات پیش آئے ہیں۔ مملکتی وزیر شہری ہوا بازی مہیش شرما نے آج لوک سبھا کو جاریہ سال گوا ایئر کی فلائیٹ کو بم دھمکی کے بعد ہنگامی حالت میں اتار لیا گیا جبکہ بھوبھانیشور ۔ ممبئی فلائیٹ کو 23 جنوری کے دن ناگپور کی سمت موڑ دیا گیا۔ انھوں نے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ گزشتہ 3 سال اور جاریہ سال کے دوران تکنیکی خرابی کی وجہ سے ایمرجنسی لینڈنگ کے 13 واقعات اور بم رکھنے کی جھوٹی اطلاعات پر طیاروں کو واپس طلب کرلینے کے 7 واقعات پیش آئے ہیں۔ وزیر موصوف نے یکم مارچ 2016 ء تک ایمرجنسی لینڈنگ کے واقعات کی تفصیلات پیش کیں اور بتایا کہ بم رکھنے کی جھوٹی اطلاعات پر سال 2015 ء میں ایمرجنسی لینڈنگ کے 6 واقعات اور سال 2014 ء میں صرف ایک واقعہ پیش آیا۔ مسٹر مہیش شرما نے مزید بتایا کہ ملک کے تمام طیرانگاہوں اور ایرلائنز کال سنٹروں پر ٹیلیفون کالس کی نشاندہی کے لئے عصری آلات نصب کردیئے گئے ہیں۔ تاکہ دھمکی آمیز کالس کرنے والوں کا پتہ چلاکر قانونی کارروائی کی جائے۔

لوک سبھا میں آدھار بِل متعارف
نئی دہلی 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے لوک سبھا میں آدھار بِل متعارف کروایا ہے جس سے ایک قانون منظور کیا جائے گا اور آدھار رکھنے والوں کو سبسیڈیز کے علاوہ دیگر فوائد سے استفادہ کی سہولت دی جائے گی۔ اِس بِل کو کانگریس اور اپوزیشن پارٹیوں کے احتجاج کے درمیان پیش کیا گیا۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہاکہ بِل کو راجیہ سبھا سے منظوری کی ضرورت نہیں ہے۔