طویل وقت کے بعد نائیڈو کی حیدرآباد آمد ‘گورنر سے ملاقات

حیدرآباد ۔ 28 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے آج شام راج بھون پہونچکر گورنر مسٹر نرسمہن سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر مسٹر نائیڈو کے ہمراہ مرکزی وزیر سوجنا چودھری بھی موجود تھے ۔ ملاقات کو خیر سگالی قرار دیا گیا ۔ باوثوق ذرائع نے کہا کہ مسٹر نائیڈو نے 17 دسمبر سے آندھرا پردیش اسمبلی کے سرمائی سیشن کے ساتھ بعض نامزد عہدوں کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ علاوہ ازیں گذشتہ دنوں آندھرا پردیش کے اضلاع میں شدید بارش اور تباہ کاریوں اور مختلف راحت کاری و باز آبادکاری اقدامات سے گورنر کو واقف کروایا ۔ بتایا جاتا ہے کہ نائیڈو نے ریاست میں بارش سے ہوئے نقصانات اور مرکزی حکومت سے زیادہ رقومات کے حصول کیلئے اپنے اثر و رسوخ کو استعمال کرنے کی گورنر سے خواہش کی ۔