ممبئی ۔ 30 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی بحری طاقت میں اضافہ کرتے ہوئے ہندوستانی بحریہ نے آج کامیابی کے ساتھ تقریباً 70 کیلومیٹر دائرہ عمل کے زمین سے فضاء میں وار کرنے والے میزائیل بارک ۔ 8 کا آئی این ایس کولکتہ سے کامیاب پرواز کا تجربہ کیا تھا ۔یہ تجربہ ہندوستان اور اسرائیل کی مشترکہ کوشش سے تیار کردہ میزائیل کا تھا اور اس میزائیل کو صفحہ اول کے بحری جنگی جہازوں میں نصب کیا جاسکتا ہے ۔ بحریہ نے پہلے تجربہ کو اس طویل مسافتی زمین سے فضاء میں وار کرنیو الے میزائیل کی ایک نمایاں سنگ میل کامیابی قرار دیا جس سے ہندوستان کی انسداد فضائی جنگی قابلیت میں اضافہ ہوا ہے ۔ دونوں میزائیل کل داغے گئے اور آج تیز رفتار اہداف پر حملہ آور ہوئے ۔ بحریہ کی مشقوں کے درمیان جو بحیرہ عرب میں جاری ہیں یہ تجربہ کیا گیا تھا ۔