بھوبنیشور ۔ 8 ۔ اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) طوفان ھد ھد کے تیزی سے اوڈیشہ ، آندھراپردیش ساحل سے ٹکرا جانے کے امکان کے درمیان حکومت اوڈیشہ نے طوفان کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ گزشتہ سال طوفان فالن سے نمٹنے کیلئے جو طریقہ کار اختیار کیا گیا تھا، اس کو مزید موثر بنایا گیا ہے۔ خصوصی راحت کاری کمشنر ترجمان نے کہا کہ حکومت جانی نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے اپنی کوششوں میں اضافہ کیا ہے۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری حرکت میں آکر اپنے اضلاع میں نشیبی علاقوں کے رہنے والے افراد کا تخلیہ کردیں۔ ریاستی حکومت کو گزشتہ طوفان فالن سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے ستائشی بیان ملا تھا، اب اس نے طوفان ھد ھد کے چیلنج کو بھی قبول کرلیا ہے۔ طوفان فالن سے 20 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ حکومت نے تمام سرکاری ملازمین کی رخصتوں کو منسوخ کردیا ہے۔