زخمیوں کو ایک لاکھ روپئے ، متاثرین کی امداد کیلئے چندرابابو کا اعلان
حیدرآباد ۔ 13 اکٹوبر ۔ ( سیاست نیوز) ریاست آندھراپردیش کے ساحلی اضلاع میں ہد ہد طوفان کی تباہ کاریوں وغیرہ سے مہلوکین کے افراد خاندان کو پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا فراہم کرنے کا چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے آج اعلان کیا۔ طوفان کے زیراثر علاقوں میں فضائی سروے کرنے کے بعد اخباری نمائندو سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ طوفان سے ہوئے نقصانات کے دوران شدید زخمی افراد کو ایک لاکھ روپئے اور معمولی طورپر زخمی افراد کو (50) ہزار روپئے معاوضہ ادا کیا جائے گا ۔علاوہ ازیں پکوان کیلئے برتنوں اور کپڑوں کی خریدی کیلئے دو ہزار روپیوں کے ساتھ ساتھ طورفان کے متاثرہ خاندانوں میں (25)کیلو چاول ، ایک لیٹر پام آئیل ، نصف کیلو مرچ ، ایک کیلو شکر ، تین کیلو آلو فراہم کئے جائیں گے ۔ مچھیروں کو مچھلیاں پکڑنے کے جالے خریدنے (5) ہزار روپئے ۔ کشتیوں کیلئے (10) ہزار روپئے مالی معاوضہ دینے کا مسٹر چندرابابو نائیڈو نے اعلان کیا اور کہا کہ دھان و دیگر فصلوں کو ہوئے نقصانات کے عوض (10) ہزار روپئے کا معاوضہ دیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں مکمل طورپر منہدم ہوئے مکانات کیلئے (50) ہزار روپئے اور جھونپڑی نما مکانات کیلئے (25) ہزار روپئے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پانی میں گھری ہوئی دھان کی فصلوں کو بچانے کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے ۔اس کے علاوہ طوفان سے پیش آئے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے حقیقی نقصانات کا تخمینہ کیا جائے گا۔
وشاکھاپٹنم میں طوفان ہد ہد کے متاثرین زیر آب علاقہ سے اپنا سامان منتقل کرتے ہوئے۔