طوفان کی صورتحال پر مودی کی چندرابابونائیڈو سے بات چیت

چیف منسٹر کی پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کا کال موصول
حیدرآباد۔12اکٹوبر ( پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کا ٹیلی فون کال موصول ہوا جنہوں نے ان (نائیڈو) سے طوفانی ہدہد کی تباہ کاریوں کے بارے میں دریافت کیا اور مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے مرکز کی موثر امداد رسانی پر ان (مودی) کا شکریہ ادا کیا ۔ چیف منسٹر نے مسٹر مودی کو طوفان ’ہدہد‘ کی پیشرفت کے بارے میں مطلع کیا جو آج وشاکھاپٹنم سے ٹکرایا جس کے اثر سے تین ساحلی اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں ۔ چیف منسٹر نے طوفان کی پیشرفت اور حکومت کے امدادی و راحت رسانی اقدامات کی تفصیلات سے میڈیا کو باخبر کرنے کیلئے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے کہ درمیان میں انہیں وزیراعظم نریندر مودی کا فون کا موصول ہوا جن سے بات کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ’’ صاحب ہم راڈر کھوچکے ہیں‘ نقصانات کا ہم ہنوز جائزہ لے رہے ہیں ‘‘ ۔ مسٹر نائیڈو نے مسٹر مودی سے مزید کہا کہ امداد و راحت رسانی کے لئے ہم نے افراد اور مواد کو متحرک کردیا ہے ‘ میں آپ کا ممنون و مشکور ہوں ۔ حکومت ہند بہت ہی بہترین کام کی ہے ‘‘ ۔ وزیراعظم نے اس صورتحال سے نمٹنے چیف منسٹر کو ممکنہ امداد کی فراہمی کا تیقن بھی دیا ۔ چیف منسٹر نے وہ آج شام وشاکھاپٹنم روانہ ہورہے ہیں اور انہیں ‘ ان ( مودی) کے تعاون کی ضرورت ہے ۔ نائیڈو نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ جان و مال کو پہنچنے والے نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے کئے گئے احتیاطی اقدامات پر مودی نے حکومت آندھراپردیش کی ستائش کی ۔ واضح رہے کہ تباہ کن طوفان ہدہد سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے وزیراعظم نے گذشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آندھی اور طوفان کے دوران موسلادھار بارش کے اثر سے امدادی و راحت کاری ٹیمیں متاثرہ مقامات تک نہیں پہنچ سکی ہیں لیکن انتظامیہ نے دو لاکھ افراد کا تخلیہ کروایا ہے ۔ اس سیلاب سے برقی سربراہی مسدود اور مواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا ۔ چندرا بابو نے کہا کہ املاک کو بھاری نقصانات پہنچے ہیں‘ طوفان کے آئندہ چند گھنٹے اہمیت کے حامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہم نے عوام کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی تھی جس کے نتیجہ میں کئی انسانی جانوں کو بچایا جاسکا ہے لیکن املاک کو بھاری نقصانات پہنچے ہیں ۔ عمارتوں ‘ پلوں ‘ درختوں اور فصلوں کو شدید نقصانات پہنچے ہیں ۔