احمدآباد۔ 30 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے ساحلی علاقوں میں رہنے والے عوام کو آج بہت بڑی راحت حاصل ہوئی کیونکہ محکمہ موسمیات نے کہا کہ طوفان نیلوفر گجرات کے قریب ساحل سے ٹکرا کر کمزور پڑ گیا۔ مغربی وسط بحیرہ عرب سے گذر کر یہ طوفان آگے نکل گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے عہدیدار اجئے کمار نے کہا کہ گزشتہ چھ گھنٹوں کے دوران سمندر میں کوئی طلاطم نہیں دیکھا گیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ طوفان نیلوفر کمزور پڑگیا ہے اور یہ 31 اکتوبر کی شام علاقہ کچھ کے بعض مقامات سے ٹکرا کر گذر جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے تازہ بلیٹن کے مطابق یہ شدید سمندری طوفان نیلوفر سمندر کے مشرقی شمالی حصے میں سرگرم تھا جو کچھ کے علاقہ سے 620 کیلومیٹر دور ہے۔
دھوکہ باز ٹولی کا سرغنہ گرفتار
نئی دہلی ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس نے دعویٰ کیا ہیکہ ایک شخص کی گرفتاری کے بعد اس نے دھوکہ بازوں کی ایک ٹولی کو بے نقاب کردیا ہے جو لوگوں کو بیرون ملک ملازمتیں دلوانے کے بہانے بڑی بڑی رقومات اینٹھ لئے تھے۔ جھارکھنڈ کے شہری رنجن کمار اور پرشانت کمار کی جانب سے داخل کی گئی شکایت کے بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا۔ ان دونوں کو مذکورہ ٹولی نے 80,000 روپیوں کا دھوکہ دیا تھا۔ تحقیقات کے بعد یہ بات بھی سامنے آئی کہ ٹولی متعدد افراد کو بے وقوف بنا کر پیسہ بٹورنے میں ملوث رہی ہے۔ لہٰذا ٹولی کے سرغنہ احمد کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس نے جال بچھایا اور بالآخر غازی آباد میں اس کی گرفتاری عمل میں آئی۔ ایڈیشنل سی پی (سنٹرل) الوک کمار نے یہ بات بتائی۔