طوفان ’’مکونو‘‘ سے 10 ہلاک ، عمان اور یمن میں نقصانات

۔40 لاپتہ ، صلالہ میں تباہی مچانے کے بعد عمان کے شمال مغربی علاقوں میں داخل ، 5 میٹر بلند سمندری لہریں ، تین دن کی تعطیل

صلالہ ۔ 26 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہفتہ کی اولین ساعتوں میں جزائر عرب میں طوفان مکونو نے تباہی مچادی ۔ عمان اور یمن میں بھاری نقصانات کے علاوہ ایک 12 سالہ لڑکی کے بشمول کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے جبکہ عمان اور یمن میں 40 افراد لاپتہ بتائے گئے ہیں ۔ عثمان کا بڑا حصہ برقی سے محروم ہوگیا ۔ بحرہ عرب میں تیز طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے تاہم یہ طوفان سعودی عرب اور یو اے ای سے نہیں ٹکرائے گا البتہ شدید بارش کا امکان ہے۔ 170 تا 180 کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہری ہوابازی کی جنرل اتھارٹی نے مکونو طوفان سے متعلق ساتویں وارننگ جاری کی ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ طوفان نے اپنا رخ ظفار سے صلالہ کے شمال مغرب کی جانب کر لیا ہے۔اتھارٹی کے مطابق باد وباراں سے لبریز انتہائی شدید سمندری طوفان اگلے 48 گھنٹوں تک صلالہ کو متاثر کرتا رہے گا۔ اس دوران سمندر کے اندر پانچ میٹر تک بلند لہریں پیدا ہوں گی جس سے صلالہ کے جنوب مشرقی علاقے متاثر ہوں گے۔یاد رہے 170 کلومیٹر کی رفتار سے چلنے والے مکونو نامی سمندری طوفان جمعہ کے روز صلالہ کے ساحلی علاقوں سے ٹکرایا۔’العربیہ ‘ کے کیمرہ نے صلالہ میں طوفان کی جنوبی علاقوں سے ٹکرانے کی خوفناک ویڈیوز تیار کیں تھیں۔ عمانی حکام نے طوفان کی وجہ سے ایک بارہ سالہ لڑکی کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی جو ہوا کی شدت سے اپنے گھر کی دیوار گرنے سے زخمی ہوئی اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملی۔عمانی حکام نے صلالہ میں رہنے والے تارکین وطن اور مقامی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ طوفان کے دوران نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ نیز عمانی محکمہ موسمیات نے مکونو طوفان کی شدت میں زیادتی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ شدت میں دوسرے درجہ تک اضافہ ہو سکتا ہے جس کے بعد مکونو کا رخ صلالہ سے سلطنت عمان کے جنوب مغربی علاقوں کی جانب ہو سکتا ہے۔جمعہ کے روز طلوع شمس کے فورا بعد ہی صلالہ میں صورت حال خراب ہونا شروع ہو گئی۔ باد وباران کی شدت میں اضافہ ہونے لگا اور بلند سمندری لہریں خالی ساحلی علاقوں میں تباہی مچانے لگیں۔صلالہ، سلطنت آف عمان کا تیسرا اہم شہر ہے۔ یمن کے ساتھ ملتی سرحد والے اس علاقے میں کم سے کم دو لاکھ نفوس مقیم ہیں۔عمان حکومت نے تین(3) دن کی سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔