طوفان زدہ آندھرا پردیش کو ٹاملناڈو اور کرناٹک کی امداد

چینائی ؍ بنگلور۔ 13 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر ٹاملناڈو او پنیر سلوم نے طوفان زدہ آندھرا پردیش کے لئے آج امدادی پیاکیج کا اعلان کیا جس میں 5 کروڑ روپئے نقد رقم، برقی ستون، برقی آلات اور شاہراہوں کی ایک ٹیم شامل ہے جو جڑوں سے اکھڑے ہوئے درختوں کو شاہراہوں سے ہٹا دے گی۔ مالی امداد کے علاوہ 5 ہزار برقی ستون، 10 ہزار انسولیٹرس اور 100 ٹرانسفارمرس کے علاوہ برقی توانائی کے دیگر لوازمات فراہم کئے جائیں گے تاکہ طوفان ہد ہد سے متاثرہ علاقوں میں برقی انفراسٹرکچر کی تعمیر جدید ممکن ہوسکے۔ چیف منسٹر کے سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام امدادی اشیاء آندھرا پردیش کو فوری روانہ کردی جائیں گی۔ بنگلور سے موصولہ اطلاع کے بموجب حکومت کرناٹک نے پڑوسی ریاست آندھرا پردیش میں طوفان ہدہد سے متاثرہ ریاست کے علاقوں میں برقی توانائی کی سربراہی بحال کرنے میں ہر ممکن مدد فراہم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو سے چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا نے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور ساحلی آندھرا پردیش میں برقی سربراہی بحال کرنے میں کرناٹک کی ہر ممکن مدد کا تیقن دیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے سمندری طوفان کی تباہی کی تفصیلات سے سدا رامیا کو واقف کروایا جس کی وجہ سے برقی ستون اکھڑ گئے ، ٹرانسفارمرس تباہ ہوگئے اور برقی سربراہی متاثر ہوگئی۔