طوفان اوکھی کو قومی آفت قرار نہیں دیا جاسکتا : وزیر سیاحت

تھرواننتاپورم ۔ /3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے آج کہا کہ کیرالا ، ٹاملناڈو اور لکشدیپ میں تباہی مچانے والے طوفان ’’اوکھی‘‘ کو قومی آفت قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ ایسی کوئی اسکیم نہیں ہے ۔ تاہم اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ضروری مدد کا تیقن دیا گیا ہے ۔ کیرالا کے چیف منسٹر پنارائی وجین کے زیرصدارت سکریٹریٹ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی وزیر الفونس کنن تھانم نے کہا کہ مرکز پہلے ہی ریاستی حکومت کو تمام ضروری

امدادی فنڈز دے چکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہمیں ریاستی حکومت کی طرف سے ایک یادداشت موصول ہوئی ہے جس میں طوفان اوکھی کو قومی آفت قرار دینے کی درخواست کی گئی ہے ۔ لیکن ایسا کرنے مرکز کے پاس کوئی اسکیم نہیں ہے ‘‘ ۔ وزیر سیاحت الفونس نے پہلے اگرچہ حکومت کیرالا کے اس استدلال کی تائید کی تھی کہ انہیں طوفان سے قبل کوئی وارننگ موصول نہیں پوئی تھی لیکن بعد میں وضاحت کی کہ مرکزی ایجنسیوں نے /28 اور /29 نومبر کو ہی ضروری چوکسی نوٹ جاری کردیا تھا ۔