انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاست کے عوام اور انتظامیہ نے راحت کی سانس لی
احمدآباد ۔ 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے عوام اور ریاستی انتظامیہ نے اس وقت راحت و اطمینان کی سانس لی جب خوفناک طوفان اوکھی گذشتہ روز مہاراشٹرا کے شہر ممبئی اور چند ساحلی اضلاع میں دھوم مچانے کے بعد آج بحیرہ عرب میں کمزور و بے اثر ہوگیا اور اسمبلی انتخابات کا سامنا کرنے والی ریاست گجرات محفوظ رہی۔ طوفان اوکھی جنوبی ہند میں بڑے پیمانے پر تباہی مچانے کے بعد براہ مہاراشٹرا، گجرات کی سمت پیشقدمی کررہا تھا۔ یہ طوفان گذشتہ روز ممبئی کے ساحل سے ٹکرایا تھا لیکن ریاستی دارالحکومت کے شہریوں کو اس وقت بڑی راحت ملی جب کوئی جانی یا مالی نقصان پہنچائے بغیر صرف بارش پر ٹل گیا۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان پہلے شدید بھنور ، پھر بھنور اور بالآخر آدھی رات کے بعد محض دباؤ میں کمی میں تبدیل ہوگیا۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ’’مشرق۔ وسطی اور متصلہ شمال ۔ مشرقی بحیرہ عرب میں یہ طوفان بھنور کے طور پر پیشرفت کرتا ہوا گذشتہ شب 23:30 بجے شمال ۔ مشرقی بحیرہ عرب سے متصلہ شمالی ساحلی مہاراشٹرا اور جنوبی ساحلی گجرات کے قریب محض ہوا کے دباؤ میں تبدیل ہوگیا‘‘۔