طوفانِ نیلوفر کراچی سے 1120 کلومیٹر دور

کراچی۔ 28 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان نیلوفرانتہائی شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہو گیا ہے۔ یہ طوفان کراچی سے جنوب مغرب میں 1120 کلومیٹرجبکہ گوادرسے جنوب میں 1030 کلومیٹرفاصلے پرموجود ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نیلوفر منگل کو 6 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسے شمال، شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ طوفان کا کل شمال مشرق میں سندھ کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھنے کی پیش قیاسی ہے۔ طوفان کے زیر اثر کراچی سمیت زیریں سندھ میں کل سے جمعہ کے دوران تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھاربارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان کے ماہی گیر وں کو ان تین دنوں میں سمندرمیں نہ جانے کی ہدایت کی ہے،اور جو ماہی گیرسمندرمیں موجود ہیں انہیں فوری طور پر ساحلی علاقوں میں واپس آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔