نئی دہلی ۔2مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے آج طوفان ’فانی‘ سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا جائزہ اجلاس لیا ۔ اعلیٰ سطحی اجلاس میں طوفان کی امکانی تباہ کاریوں پر غور وخوص کیا گیا ۔ عہدیداروں نے وزیراعظم کو طوفان کی پیشرفت کے بارے میں تفصیلات بتائی اور متعلقہ ریاستوں میں کی جانے والی احتیاطی تدابیر اور اقدامات سے بھی واقف کروایا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ طوفان سے متاثر ہونے والے علاقوں میں عوام کو راحت پہنچانے کیلئے مناسب اقدامات کئے گئے ہیں ۔ این ڈی آر ایف اور مسلح افواج کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں ۔ برقی اور ٹیلیکام سروسیس کو بحال کرنے کیلئے چوکسی اختیار کی گئی ہے اور پینے کے پانی کی فراہمی کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔ طوفان فانی کی امکانی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعظم نے سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ ریاستوںکے عہدیداروں کے ساتھ تال میل کے ساتھ طوفان پر نظررکھیں اور احتیاطی اقدامات کریں ۔ عوام کو فوری راحت فراہم کرنے کی موثر کارروائی کریں ۔ اس اجلاس میں کابینی سکریٹری کے علاوہ پرنسپال سکریٹری برائے وزیراعظم ،ایڈیشنل پرنسپال سکریٹری ،معتمد داخلہ اور دیگر عہدیدار شریک تھے ۔امکان غالب ہے کہ طوفان فانی کل اڈیشہ کے ساحل سے ٹکرا جائے گا ۔