طواف کے دوران 170 عازمین بے ہوش

دھوپ کی شدت کے باعث ضعیف عازمین تکان اور دباؤ کا شکار ، بروقت طبی امداد ، ٹیمیں چوکس

مکہ معظمہ ۔ 3 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : مکہ معظمہ میں سالانہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے اقطاع عالم سے لاکھوں مسلمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ۔ حرم شریف میں بڑھتے ہجوم اور گرمی کی شدت سے طواف کے دوران اب تک 170 عازمین بے ہوش ہو کر گر پڑے ۔ درجہ حرارت کے علاوہ عازمین کے ہجوم کے درمیان ضعیف عازمین پر شدید دباؤ بڑھتا ہے جس کی وجہ سے ان میں کمزوری اور نقاہت کی وجہ سے تکان پیدا ہوئی ۔ سیول ڈیفنس ٹیمیں ایسے عازمین کو بروقت طبی امداد دے کر فوری راحت بخشنے میں مصروف ہیں ۔ ڈائرکٹر سیول ڈیفنس بریگیڈیر احمد بن عبدالعزیز نے کہا کہ زیادہ تر معمر عازمین حج بے ہوش ہو کر گرپڑے ہیں ۔ان میں سے اکثر عازمین پیرانہ سالی کے باعث علیل ہوئے ہیں ۔ نماز جمعہ کے دوران عازمین کا ہجوم بڑھ جانے سے معمر عازمین بے چینی اور گھٹن محسوس کرنے لگے ۔ انہیں بروقت طبی راحت پہونچائی جارہی ہے ۔ سیول ڈیفنس ٹیمیں ایمرجنسی خدمات فراہم کردی ہیں اور انہیں فوری وہاں سے اٹھا کر فری ہیلت سنٹر میں منتقل کررہی ہیں اس عمل میں ریڈکریسنٹ سوسائٹی بھی تعاون کررہی ہے ۔

احمد بن عبدالعزیز نے کہا کہ سیول ڈیفنس نے حرم شریف میں ایمرجنسی خدمات فراہم کرنے کے لیے تعینات عملہ میں اضافہ کیا ہے ۔ یہ عملہ زخمیوں کا علاج کرنے اور طواف کے دوران بے ہوش ہو کر گرنے والوں کو بروقت اسٹرکچر پر لے کر ہیلت سنٹر میں طبی امداد دیتا ہے ۔ عمر اور علالت کی وجہ طواف کے دوران ایسے ضعیف افراد کے بے ہوش ہو کر گرنے کی شکایت عام ہے ۔ مکہ معظمہ حرم شریف میں تمام ضروری انتظامات کیے گئے ہیں ۔ حرکیاتی مشنری چوکس ہے ۔ اور ایمبولنس گاڑیوں کے علاوہ میڈیکل سپلائی بھی بروقت جاری ہے ۔ کسی بھی واقعہ سے بروقت نمٹنے والی ٹیمیں چوکس ہیں امدادی ٹیموں کو حرم شریف کے تمام باب الداخلوں پر تیار رکھا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ مطاف کے علاقہ میں بھی طبی ٹیمیں تعینات ہیں ۔ فیلڈ ٹیمیں بھی بروقت حرکت میں آنے کے لیے تیار ہیں ۔ حج کے دوران کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں یہ ٹیمیں سرگرم ہونگی ۔ موٹر سیکلوں کی دو ٹیموں کو بھی تعینات کیا گیا ہے جو ہجوم میں سے متاثرہ عازم کو فوری لے کر ہیلت سنٹر پہونچنے کا کام کرتی ہیں ۔ بروقت طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تمام ٹیموں کو چوکس و چوکنا رکھا گیا ہے ۔حرم شریف میں ایر کنڈیشنڈ کے علاوہ دیگر انتظامات کئے گئے ہیں۔