انٹر میڈیٹ نتائج سے پیدا صورتحال کی ذمہ داری حکومت قبول کرے ، پون کلیان کا ردعمل
حیدرآباد ۔ /24 اپریل (سیاست نیوز) صدرجنا سینا پارٹی مسٹر پون کلیان نے تلنگانہ ریاست میں انٹرمیڈیٹ امتحانات میں ناکامی سے دلبرداشتہ طلباء و طالبات کے پیش آنے والے خودکشی واقعات پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ نتائج میں پیش آئیں مبینہ بے قاعدگیوں و دھاندلیوں کے واقعات نے امتحانات میں ناکامی سے دلبرداشتہ تقریباً 19 طلباء و طالبات کے خودکشی واقعات پیش آنے کی اطلاعات پر انہیں کافی تکلیف پہونچی ہے ۔ مسٹر پون کلیان ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ نتائج کی اجرائی کے بعد پیش آنے والے حالات اور واقعات پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ طلباء و طالبات کے درخشاں مستقبل سے کھلواڑ کرنا کسی کیلئے بھی ہرگز مناسب بات نہیں ہے ۔ صدر جناسینا پارٹی مسٹر پون کلیان نے انٹرمیڈیٹ نتائج سے پیدا شدہ حالات کی ذمہ داری قبول کرنے کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا اور بتایا کہ امتحانی نتائج کے تعلق سے ہرگوشہ سے مختلف شکوک و شبہات کا اظہار کیا جارہا ہے جس کی روشنی میں حکومت تلنگانہ سے برسرعام حقیقی حالات سے عوام کو واقف کروانا چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء و طالبات کی زندگی کافی قیمتی ہے اور نتائج سے مایوس ہوکر خودکشی وغیرہ کرنے سے گریز کرنے کی پرزور اپیل کی اور ناکام طلباء و طالبات کے نشانات کی دوبارہ گنتی اور پرچوں کی دوبارہ جانچ کسی فیس کے بغیر مفت میں کروانے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا اور ساتھ ہی ساتھ مہلوک طلباء و طالبات کے افراد خاندان کو مناسب مالی معاوضہ ادا کرنے کے علاوہ اس صورتحال کیلئے ذمہ دار عہدیداروں اور ایجنسی کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کرنے ان مبینہ بے قاعدگیوں کے واقعات کی مکمل عدالتی تحقیقات کروانے کا پرزور مطالبہ کیا ۔