پولیس کے خلاف بھی کارروائی پر زور ، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے طلبہ کے خلاف دائرہ کردہ تمام مقدمات سے دستبرداری اختیار کرنے اور طلبہ پر بے رحمانہ حملہ کرنے والے خاطی پولیس ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ سابق مرکزی وزیر مسٹر سشیل کمار شنڈے دیگر قائدین کے ساتھ چیرلہ پلی جیل میں مقید ایچ سی یو طلبہ سے ملاقات کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کا رویہ جہاں طلبہ کے ساتھ غیر ذمہ دارانہ ہے وہیں پولیس کارروائی بھی قابل مذمت ہے ۔ ایچ سی یو کے وائس چانسلر اپا راؤ کے خلاف ایس سی ایس ٹی ایکٹ موجود ہے ۔ پولیس وائس چانسلر کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کی شکایت پر طلبہ کے خلاف لاٹھی چارج کرتے ہوئے بے رحمی سے زد و کوب ہے ۔ 24 گھنٹوں تک طلبہ کو عدالت سے رجوع کرنے کے بجائے پولیس اسٹیشن میں ان کے ساتھ بے رحمی کی گئی جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ طلبہ کے خلاف عائد کردہ مقدمات سے دستبرداری اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے پولیس ملازمین کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر نے اسمبلی کے ذریعہ تلنگانہ کے عوام کو یہ تیقن دیا ہے کہ وہ روہت ویمولہ اور حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کریں گے اور اپا راؤ کو وائس چانسلر کے عہدے سے ہٹانے کی سفارش کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے حکومت پر طلبہ کی ضمانت میں رکاوٹ پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اس معاملے میں غیر جانبدارا ہونے کا دعویٰ کررہی ہے تو دوسری طرف عدالت میں طلبہ کو ضمانت دینے کی مخالفت کررہی ہے ۔ جس سے حکومت کے دوہرے رول کا اظہار ہورہا ہے ۔۔