اُردو یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر محمد میاں کا یوم جمہوریہ پیام
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں آج یوم جمہوریہ تقریب کا نہایت ہی جوش و خروش سے اہتمام کیا گیا۔ پروفیسر محمد میاں، شیخ الجامعہ نے ترنگا لہرانے کے بعد اپنے پیام میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی بھی ایسا کام نہیں کرنا چاہئے آگے چل کر اس میں تقسیم کا پہلو نکل کر سامنے آئے۔ آج کے دور میں مختلف لوگ مختلف عنوانات پر لوگوں کو بانٹنا چاہتے ہیں لیکن ہمیں ایک ہی ترنگے تلے جمع ہوکر ان کوششوں کو ناکام بنانا چاہئے۔ عہدیداروں کے پاس طاقت بھی ہوتی ہے اور ذمہ داری بھی۔ وہ اپنی ذمہ داری کی انجام دہی کے لیے اگر اپنی طاقت کا استعمال کرتے ہیں تو اس سے بہتر کچھ نہیں ہوسکتا۔ ہمیں مستقل مزاجی اور ایمانداری سے اپنے کام انجام دینے ہوں گے تبھی ہم طلبہ کی بہتر مدد کرپائیں گے۔ انہوں نے اپنی تقریر کا رخ اساتذہ کی جانب موڑتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں سمیناروں کا انعقاد اور بیرون یونیورسٹی سمیناروں میں شرکت سے اساتذہ اس قابل ہوپائیں گے کہ وہ نصاب میں معقول تبدیلی کرتے ہوئے طلبہ کے حصول روزگار میں مددگار بن سکیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر خواجہ محمد شاہد، پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، پروفیسر سید محمد حسیب الدین قادری، اساتذہ اور عہدیداروں اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ٹیم ترانہ نے ڈاکٹر سنیم فاطمہ اور ڈاکٹر کرن سنگھ اتوال کی زیر نگرانی یونیورسٹی ترانہ اور حب الوطنی کے گیت پیش کیے۔ عابد عبدالواسع نے کاروائی چلائی۔