طلبہ کی فیس ری ایمبرسمنٹ فوری جاری کرنے کا مطالبہ

حیدرآباد ۔ 4 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ بی جے پی نے طلباء کے لیے فیس ری ایمبرسمنٹ رقومات کی فی الفور اجرائی عمل میں لانے کا حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال (مرن برت ) شروع کرنے کا صدر تلنگانہ بی جے پی مسٹر جی کشن ریڈی نے حکومت کو سخت انتباہ دیا ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر جی کشن ریڈی صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن اسمبلی نے یہ بات کہی ۔ اور بتایا کہ تلنگانہ حکومت طلباء کی فیس کے مسئلہ پر من مانی کررہی ہے ۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جی ایچ ایم سی میں من مانی طور پر جائیداد ٹیکس وصول کیا جارہا ہے ۔ لہذا جی ایچ ایم سی کے ان اقدامات کے خلاف اندرا پارک کے پاس غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ عوامی فلاح و بہبود کو بالکلیہ طور پر نظر انداز کررہے ہیں ۔ صدر تلنگانہ بی جے پی مسٹر کشن ریڈی نے مزید کہا کہ کسی کے لیے بھی اقتدار مستقل ہرگز نہیں ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جائیداد ٹیکس کے مسئلہ پر سابقہ بقایا جات کے نام پر جائیداد ٹیکس زبردستی وصول کیا جارہا ہے ۔ جب کہ جائیداد ٹیکس کی وصولی کے لیے جو دلچسپی و جستجو کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ وہی دلچسپی و جستجو ترقیاتی اقدامات پر نہیں دکھائی جارہی ہے ۔ انہوں نے حکومت تلنگانہ کے آمرانہ رویہ پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فی الفور عوام کو درپیش مختلف مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کرنے اور طلباء کو واجب الادا فیس ری ایمبرسمنٹ رقومات کی فی الفور اجرائی کے لیے عملی اقدامات کرنے کا حکومت سے پر زور مطالبہ کیا ۔۔