طلبہ کو چھوٹے ریسرچ پراجکٹ کے ذریعہ تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کا مشورہ

نیشنل سائنس فیر اکیڈیمی کے سائنس فیر تقسیم انعامات تقریب، جناب زاہد علی خاں کا خطاب

حیدرآباد ۔ 23 جنوری (سیاست نیوز) جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے تمام ہائی اسکول، جونیر کالج اور ڈگری کالج کے طلباء و طالبات سے خواہش کی کہ وہ چھوٹے چھوٹے پراجکٹ پر ریسرچ کا کام کرتے ہوئے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارے اور ایک اچھے سائنسداں بننے کی کوشش کریں۔ جناب زاہد علی خاں نیشنل سائنس فیر اکیڈیمی کی جانب سے سائنس ٹیچرز کے سائنس فیر مقابلوں میں اول، دوم اور سوم آنے والے اساتذہ کو کیاش پرائز دیتے ہوئے مبارکباد دی۔ پروفیسر معین انصاری صدر بورڈ آف نیوٹریشن پالمیر یونیورسٹی امریکہ نے اپنی تقریر میں سائنس فیر کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے

نیشنل سائنس فیر اکیڈیمی کے اراکین کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ ہر سال سائنس فیر ٹیچرز اور طلباء و طالبات میں منعقد کریں۔ پروفیسر معین انصاری نے کہا کہ امریکہ میں سائنس فیر ایک بہت بڑا مقابلہ ہے جہاں پر طلباء کو ان کے ریسرچ کے کام پر انہیں اعزازات دیئے جاتے ہیں۔ ابتداء میں جناب عبداللطیف عطیر نے ٹیچرز سائنس فیر کے مقابلوں اور دو روزہ پروگرام کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ ٹیچرز سائنس فیر میں محترمہ فاطمہ شمش (امام بخش ہائی اسکول) رین بازار اول، محترمہ سیدہ فاطمہ النساء (نیو روزی ہائی اسکول سالارجنگ کالونی) دوم، مسٹر اومکار (نیوروزی اسکول سالارجنگ کالونی) کو انعام سوم دیا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر نسیم اختر پرنسپل شاداں پی جی گرلز کالج و نائب صدر جناب احسان لطیف، ڈاکٹر سید غوث الدین، جناب عبدالرحمن، محترمہ نسرین فاطمہ اور ڈاکٹر مظفر علی ساجد موجود تھے۔