طلبہ کو نئے صداقت نامے دینے کے سی آر کا فیصلہ

حیدرآباد۔7اکٹوبر ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اپنی ریاست کے تمام طلبہ کو آمدنی ‘ ذات پات اور رہائش کے ازسرنو تازہ صداقت نامے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسٹر چندر شیکھر راؤ نے سکریٹریٹ میں آج تمام اضلاع کے کلکٹرس اور عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس طلب کیا اور ہدایت کی اور کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات سے استفادہ کرنے والے طلبہ کو ریاست تلنگانہ کے نام پر صداقت نامہ جاری کئے جائیں ۔ انہوں نے عہدیداروں کو یہ ہدایت بھی کی کہ زرعی قرض کی معافی پر 15اکٹوبر تک عمل آوری کردی جائے ۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق چندر شیکھر راؤ نے قانون غذائی طمانیت کے تحت ضروری اشیاء کی فراہمی کیلئے تلنگانہ ریاستی خاندانی غذائی طمانیت کارڈس کی فراہمی کا فیصلہ بھی کیا ہے ۔ ایک اور سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چندر شیکھر راؤ نے دلتوں میں اراضیات کی تقسیم سے متعلق اپنے پسندیدہ پروگرام پر کامیاب عمل آوری کیلئے تمام سرکاری عہدیداروں سے بھرپور تعاون طلب کیا ہے ۔