اُردو یونیورسٹی میں کاروباری انتظامیہ پر سمینار۔ ماہرین کے خطاب
حیدرآباد، 27؍ فروری (پریس نوٹ) طلبہ تخلیقی ذہن کو پروان چڑھاتے ہوئے مختلف سماجی و معاشی مسائل کا حل تلاش کریں۔ بطور خاص اپنے اندر قائدانہ صلاحیتوں پر توجہ دے کر انہیں اجاگر کریں۔ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی جانب سے مہیا کی جارہی سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے طلبہ آگے بڑھ سکتے ہیں۔ اس طرح نہ صرف وہ خود کو فائدہ پہنچائیں گے بلکہ ملک کے ایک ذمہ دار شہری بھی بنیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مہمانانِ اعزازی سدھاکر راؤ، ڈائرکٹر ، برانڈنگ ICFAI گروپ، پروفیسر اے ودیادھر ریڈی، ڈائرکٹر ، سی ایم ایس نلسار یونیورسٹی آف لاء کے علاوہ پروفیسر وی وینکٹا رمنا ، وائس چیئرمین، ٹی ایس سی ایچ ای نے کل مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں کیا۔ وہ شعبۂ مینجمنٹ کے زیر اہتمام ’’کاروباری انتظامیہ میں جدت اور پائیدار ترقی۔ مواقع اور چیالنجس‘‘ کے زیر عنوان سمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ پروفیسر شکیل احمد، پرووائس چانسلر نے اپنے صدارتی خطبہ میں بھارت رتن اے پی جے عبدالکلام کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنے لیے خود منزل منتخب کریں اور اسے حاصل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ مثبت سوچ پیدا کریں اور ناکامی کو کامیابی کی پہلی سیڑھی سمجھتے ہوئے مسلسل جدو جہد کرتے رہیں۔ پروفیسر محمد عبدالعظیم، صدر شعبۂ مینجمنٹ نے استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ڈاکٹر راشد فاروقی، اسسٹنٹ پروفیسر نے سمینار کی غرض و غایت پیش کی۔ سمینار کے سوونیئر کے علاوہ ڈاکٹر ریشماں نکہت، اسسٹنٹ پروفیسر کے مقالہ پر مبنی کتاب کی رسم اجراء بھی عمل میں لائی گئی۔پروفیسر بدیع الدین احمد، ڈین، اسکول آف کامرس اینڈ بزنس مینجمنٹ نے شکریہ ادا کیا۔