طلبہ کو سوشلسٹ سماج کے قیام کے لیے جدوجہد کرنے کا مشورہ

مرکز میں بی جے پی کے اقتدار کے بعد مذہبی کشیدگی کا فروغ ، سوامی اگنی ویش و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ ستمبر : ( راست ) : طلباء سرمایہ دارانہ سماج کے بجائے سوشلسٹ سماج کے قیام کے لیے زبردست جدوجہد کریں تاکہ سماج میں برابری اور انسانیت قائم ہوسکے ۔ سوامی اگنی ویش نے طلباء برادری پر زور دیتے ہوئے آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی تلنگانہ کی دوسری کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ۔ مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار آنے کے بعد سارے ملک میں نفرت ، حقارت اور مذہبی کشیدگی کا ماحول بدرجہ اتم ہوگیا ہے ۔ دھابولکر ، گوئند پنسارے سے لے کر گوری لنکیش کا قتل کیا گیا ۔ ہندوتوا اور فاشسٹ طاقتیں اس ملک کے اتحاد کو درہم برہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ مہاتما گاندھی کے اصولوں کو بالائے طاق کرتے ہوئے ملک میں نراج کی کیفیت پیدا کررہے ہیں ۔ جو اسکیم اور پالیسی راست اور فوری طور پر پسماندہ طبقہ کو فائدہ نہ کرے وہ اسکیم اس ملک کے لیے بے معنی ہے ۔ سوامی اگنی ویش نے تعلیمی میدان میں زعفرانے کی کوشش مودی کے دور حکومت میں ہورہی ہے ۔ اس کی بھر پور مزاحمت کے لیے طلباء برادری پر زور دیا ۔ کانفرنس کو سی پی آئی ، ریاستی کونسل کے سکریٹری کامریڈ چاڈا وینکٹ ریڈی نے تعلیم میں سائنٹفک وچار دھارا کو فوقیت دینے پر زور دیا اور کہا کہ ریاستی حکومت طلباء برادری کے دئیے ہوئے دو لاکھ ملازمتوں کے بارے میں جھانسہ دے رہی ہے ۔ جسٹس چندرا کمار نے کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا کہ اچھی تعلیم حاصل کرنے کے لیے کارپوریٹ کالجس اور اسکولس ہیں جہاں پر غریب طلباء کی رسائی نہیں ہوسکتی ۔ بعد ازاں AISF کا جھنڈا لہرانے کے بعد کامریڈ سید عزیز پاشاہ سابق صدر آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے کہا کہ بی جے پی حکومت تعلیمی اداروں اور دوسرے کلیدی تنظیموں پر آر ایس ایس کے گنے چنے لوگوں کو فائز کرتے ہوئے ICSSR اور نیشنل کونسل آف ہسٹارٹیکل ریسرچ ( NCHR ) میں جس پر کل تک پروفیسر عرفان حبیب ، رومیلا تھاپر اور آر ایس ایس شرما جیسے بین الاقوامی شہرت یافتہ فائز رہتے تھے اور اب ناگپور کے اشارے پر جاہل لوگوں کو فائز کیا جارہا ہے ۔ جناب ولی اللہ قادری صدر اے آئی ایس ایف نے مودی حکومت پر تنقید کی اور ساتھ ہی انہوں نے کے سی آر حکومت کی پرائیوٹ بل کی بھی بھرپور مخالفت کی ۔ قبل ازیں سینکڑوں طلباء نے ایک ریالی نکالی اور وہ جلسہ گاہ کے کے گارڈن پہنچ گئے ۔ کانفرنس سیوارام کرشنا جنرل سکریٹری AISF تلنگانہ اسٹیٹ کے شکریہ پر اختتام کو پہنچی ۔۔