حیدرآباد یونیورسٹی کا کانوکیشن، گورنر کی شرکت، پروفیسر مرینال میری کا خطاب
حیدرآباد ۔ یکم اکٹوبر (سیاست نیوز) یونیورسٹی آف حیدرآباد میں آج 16 واں کانوکیشن منعقد ہواجس میں 1452 فارغین کو سند عطا کی گئی۔ اِس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر مرینال میری صدرنشین انڈین کونسل آف فلاسفیکل ریسرچ نے شرکت کی۔ گورنر آندھراپردیش و تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کے علاوہ ڈاکٹر سی ایچ ہنمنت راؤ چانسلر یونیورسٹی آف حیدرآباد موجود تھے۔ پروفیسر راما کرشنا سوامی وائس چانسلر یونیورسٹی آف حیدرآباد نے کانوکیشن کے موقع پر تفصیلات سے واقف کروایا۔ پروفیسر مرینال میری نے خطاب کے دوران کہاکہ فارغین کو دیانتداری، حوصلہ افزائی، انصاف اور دوسروں کے لئے عزت کے جذبات و احساسات پیدا کرنے چاہئے۔ کسی بھی جامعہ کے فارغین سماج کے لئے نیا منصوبہ پیش کرنے والے ہوتے ہیں۔
اِسی لئے اُنھیں چاہئے کہ وہ معاشرتی ترقی میں کردار ادا کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ اُنھوں نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ کانوکیشن ایک ایسی تقریب ہوتی ہے جس میں اِس بات کا احساس ہوتا ہے کہ کس طرح یونیورسٹی نے ایک آدمی کو انسان بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ پروفیسر مرینال میری نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ سماج کے لئے ایک بہترین اثاثہ ثابت ہونے کی کوشش کریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ اُنھوں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران طلبہ نے جو کچھ سیکھا ہے اُسے اوروں تک پہنچانا سیکھنے والوں کے لئے ذمہ داری ہے۔ پروفیسر راما کرشنا راما سوامی وائس چانسلر یونیورسٹی آف حیدرآباد نے اِس موقع پر اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ یونیورسٹی آف حیدرآباد تحقیق کے میدان میں درپیش چیالنجس سے نمٹنے کے اہل طلبہ تیار کرنے کے ساتھ ساتھ معاشیات کے ماہرین تیار کرنے پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ میں معاشرتی ذمہ داریوں کا احساس پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اُنھیں مسابقتی میدان کیلئے بھی تیار کرنے کی کوشش کی گئی۔
وائس چانسلر یونیورسٹی آف حیدرآباد نے اپنے خطاب کے دوران بتایا کہ طلبہ کو اُن کی منزل کے تعین میں تعاون کے لئے یونیورسٹی میں موجود اساتذہ نے جو خدمات انجام دی ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ علاوہ ازیں اُنھوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے ذمہ داران بالخصوص اساتذہ کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے اور وہ اپنی ذمہ داریاں نبھانے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کرتے۔ یونیورسٹی آف حیدرآباد کے 16 ویں کانوکیشن کے موقع پر مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی 6 اہم شخصیتوں کو اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی گئی جن میں پروفیسر پدماوبھوشن پلّے راما راؤ، ڈاکٹر پدماوبھوشن ایم ایس ولیاتھن، پدمابھوشن پروفیسر ایم ایس رگھوناتھن، ڈاکٹر پدماوبھوشن کپیلا وتسیان، پدمابھوشن گلزار، پدماوبھوشن زہرہ سہگل شامل ہیں۔ زہرہ سہگل مرحومہ کو عطا کردہ اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری اُن کی دختر پدماشری کرن سہگل نے حاصل کیا۔ گورنر آندھراپردیش و تلنگانہ ای ایس ایل نرسمہن نے اِس موقع پر اعلیٰ نشانات حاصل کرنے والے طلبہ میں گولڈ میڈل تقسیم کئے۔ کانوکیشن کے دوران 1452 طلبہ کو گرائجویٹ کی ڈگری عطا کی گئی جبکہ 206 طلبہ کو انٹریگریٹیڈ پوسٹ گرائجویٹ کورس کی سند دی گئی۔ علاوہ ازیں 723 طلبہ نے پوسٹ گریجویٹ کی ڈگری حاصل کی۔ 176 طلبہ کو ایم فل کی ڈگری دی گئی جبکہ 164 طلبہ نے ایم ٹیک ڈگری حاصل کی۔ 183 طلبہ نے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ ڈگری حاصل کرنے والے جملہ طلبہ میں 104 میڈلس بطور ایوارڈ اعلیٰ نشانات حاصل کرنے والے طلبہ کو دیئے گئے۔