سمینار ’ ایس ایس سی کے بعد کیا کریں ‘ سے ظفر اللہ فہیم ، ایس ایم فاروق ، خلیل الرحمن کی مخاطبت
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : امتحانات کے بعد مسابقتی انٹرنس امتحانات ہوتے ہیں ۔ انٹر کے بعد ایمسیٹ اور دیگر سیٹ کے لیے تیاری کی جاتی ہے ۔ اسی طرح ایس ایس سی کے بعد پالی ٹیکنیک انٹرنس ٹسٹ ’پالی سٹ ‘ ہے جس کے لیے طلبہ کو میاتھس ، فزیکس ، کیمسٹری کے آبجکٹیو ٹائپ کی تیاری کرنا ہے ۔ ان خیالات کااظہار ماہرین تعلیم نے یہاں ادارہ سیاست کے زیر اہتمام منعقدہ سمینار ’ ایس ایس سی کے بعد کیا کریں ‘ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا اور طلبہ اور سرپرستوں کو بتلایا کہ ایس ایس سی ایک جنکشن ہے جہاں سے کئی راہیں نکلتی ہیں چاہے پروفیشنل کورس ، ٹیکنیکل ووکیشنل یا جنرل کورس تمام کورسیس کا انحصار دسویں کے بعد انٹر میڈیٹ کے پروگرام مضامین پر ہے ۔ جناب ظفر اللہ فہیم بانی و ڈائرکٹر میرٹ کلاس سنٹرل اسکول نے اپنی توسیعی تقریر میں کہا کہ طلبہ کی اکثریت صرف ڈاکٹر یا انجینئر کو پروفیشنل کورس مانتی ہے جب کہ آج کئی کورس ہیں سی اے ، مینجمنٹ ، لا ، جرنلزم ، ماس کمیونیکیشن وغیرہ اپنے تجربہ کے حوالہ سے طالبات کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے بتلایا کہ ایک لڑکی سوشیل اسٹیڈیز کے مضامین کو اپنانا چاہتی تھی لیکن صحیح وقت پر رہبری کی وجہ وہ میڈیسن میں اپنا کیرئیر بنائی ۔ جناب خلیل الرحمن جنرل سکریٹری کانفیڈریشن آف پرائیوٹ اسکولس نے کہا کہ طالب علم کو اپنا کیرئرے بنانے کے لیے وقت پر صحیح مشورہ حاصل کرنا چاہئے ۔ اور عدم واقفیت کی وجہ غلط فیصلہ سے طالب علم کا مستقبل متاثر ہوتا ہے ۔ اس موقع پر جناب ایم ایس فاروق سکریٹری آل انڈیا مسلم ایجوکیشن سوسائٹی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے اپنی تقریر میں کہا کہ آج طلبہ کو تعطیلات ضائع کرنا نہیں ہے ۔ تعطیلات کا صحیح مصرف ان کے مستقبل کی منصوبہ بندی ہے ۔ جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے صدارتی تقریر میں کئی پروفیشنل کورس جن سے طلبہ اور سرپرست واقف نہیں ان پر روشنی ڈالی ۔ خاص طور پر ہوٹل مینجمنٹ ، کیٹرنگ ، ہاسپٹالیٹی ، اور اسپورٹس میں ڈپلومہ ڈگری کورس اور پالی ٹیکنیک کے ڈپلوما کورس سے واقف کروایا اور طلبہ کو پالی ٹیکنیک انٹرنس ٹسٹ کی کوچنگ حاصل کرنے کا مشورہ دیا ۔ طالب علم یحییٰ ذکی کی قرات سے پروگرام کا آغاز ہوا ۔ طلباء اور اولیائے طلبہ کی اکثریت اس معلوماتی سمینار میں شرکت کرتے ہوئے استفسارات کی ۔ کیرئیر کونسلر ایم اے حمید نے کیرئیر لکچر میں کئی کورس کی راہیں بتائیں اور تعلیمی شعبہ میں ہونے والی تبدیلیوں کا حوالہ دیا ۔ جناب نذیر الدین احمد پرنسپل آصفیہ بی ایڈ کالج نے ٹیچنگ پروفیشنل اور اس کے کورس کو بتایا ۔ اس موقع پر ایس ایس سی کے بعد کیا کریں کیرئیر گائیڈ مہیا کی گئی ۔ محمد معز الدین ، عدنان احمد نے معاونت کی اور آخر میں ایم اے حمید نے شکریہ ادا کیا ۔۔