طلبہ میں بے پناہ صلاحیت،قابلیت کے اچھے استعمال پر سائنسداں تک رسائی

سائنس فیر اکیڈیمی کا ریجنل سائنس فیر کا آغاز، ڈاکٹر قاضی اظہر و دیگر کاخطاب
حیدرآباد 29 اکٹوبر (سیاست نیوز) ڈاکٹر قاضی سراج اظہر مشیگن یونیورسٹی فلینڈ امریکہ نے کہاکہ قدرت نے طلباء میں اپنی بے شمار چھپی صلاحیت پوشیدہ رکھی ہے جس کو استعمال میں لاکر طلباء جواں سال سائنسداں کہلانے کے قابل ہوسکیں گے۔ سائنس فیر کے منصوبے یا پراجکٹس خالصتاً سائنسی تحقیق پر مبنی ہوا کرتے ہیں اور طلباء کے عمیق تجربات اور دلچسپی کو منظر عام پر لانے کی سخت ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر قاضی سراج اظہر سیاست اور سائنس فیر اکیڈیمی حیدرآباد کے باہمی اشتراک سے اقبالیہ انٹرنیشنل اسکول جوبلی ہلز میں منعقدہ ریجنل سائنس فیر سے کیا۔ اس موقع پر سائنسداں ڈاکٹر پربھاکر، محترمہ سمیرا صارب رسول خان اور دوسرے موجود تھے۔ قاضی سراج اظہر نے ریجنل سائنس فیر کا افتتاح انجام دینے کے بعد طلباء میں چھپی ہوئی صلاحیت پر اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہاکہ وہ چاہتے ہیں کہ حیدرآبادی طلباء امریکہ میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی سائنس فیر میں اپنی انتھک جدوجہد، محنت و لگن کے ذریعہ حصہ لے کر دیگر ممالک کے طلباء اور عوام کو دم بخود کرتے ہوئے بیرونی ملکی سطح پر انعامات کے حقدار ہوں۔ انھوں نے سائنس فیر کی اہمیت کو واضح کیا اور کہاکہ اس کے ذریعہ طلباء میں تحقیق کے ساتھ غور و فکر کرنے کا جذبہ پروان چڑھتا ہے اور اس کے ذریعہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مستقبل میں سنوار بھی سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اقبالیہ انٹرنیشنل اسکول میں منعقدہ ریجنل سائنس فیر کے ذریعہ ضابطہ سائنس کو استعمال کرتے ہوئے سائنسی تحقیق کے ذوق کو طلباء میں پیدا کیا جارہا ہے۔ اس سائنس فیر میں 200 سے زائد طلباء نے حصہ لیا۔ طلباء کے ان تحقیقی منصوبوں کو کالج اور یونیورسٹیز کے لکچررس نے جج کیا اور بعدازاں انھیں مہمانان کے ہاتھوں انعامات دیئے گئے۔

سمیرہ صارب رسول خاں (شاداں گروپ) نے کہاکہ استادوں کی زندگی میں لوگ بڑے ادب و احترام کو ملحوظ رکھتے ہیں اس لئے اُن کی زندگی ایک کتاب کے مانند ہوا کرتی ہے۔ انھوں نے کہاکہ طلباء کے سامنے استاد کا کردار ہمیشہ ایک آئیڈیل کی طرح ہونا چاہئے تاکہ اُن کی زندگیاں کامیاب و کامران ہوسکے۔ انھوں نے کہاکہ طلباء میں ایسی غیر معمولی صلاحیتیں اگر وہ بروئے کار لائیں تو کھیپ کی کھیپ سائنسداں بن کر اُبھرے گی۔ محترمہ شازیہ تبسم پرنسپل اقبالیہ انٹرنیشنل اسکول نے خیرمقدم کیا اور کہاکہ اقبالیہ کے علاوہ شہر کے 25 اسکولس کے طلباء و طالبات نے اس سائنس فیر میں حصہ لیا ہے۔ اگر وہ کڑی محنت اور جستجو تعلیم اور سائنس کے معاملہ میں حصہ لیں گے تو ایک وقت آئے گا وہ اس ملک میں نوبل انعام کے حقدار ہوں گے۔ اس سائنس فیر میں ایم ایس کریٹیو، مدینہ پبلک اسکول، پیراڈائز ہائی اسکول (گولکنڈہ)، نیو سیول فاطمہ برنداون کالونی (ٹولی چوکی) ، سٹل پرانیہ حیدر اسکول گولکنڈہ، اقبالیہ انٹرنیشنل اسکول، نیو ماڈل اسکول (دودھ باؤلی) اور کئی اسکولس کے طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ اس موقع پر محترمہ نسرین فاطمہ، ڈاکٹر نسیم اختر، محترمہ اُمۃ الحی فاطمہ، محترمہ غفورالنساء، محترمہ سعدیہ، محترمہ شازیہ تبسم، ڈاکٹر مظفر علی ساجد، جناب عبدالرحمن اور دیگر نے سائنس فیر کی کامیابی و کامرانی میں حصہ لیا۔