طلبہ میں بصیرت پیدا کرنا ایک ٹیچر کا اصل پیشہ

غلام احمد کالج آف ایجوکیشن کے کالج ڈے سے کونڈا ویشویشور ریڈی ایم پی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ دسمبر : ( پریس نوٹ ) : رکن پارلیمنٹ ( لوک سبھا ) مسٹر کونڈا ویشویشور ریڈی نے کہا کہ طلبہ میں بصیرت پیدا کرنا اور انہیں تحریک یافتہ بنانا ایک ٹیچر کا بنیادی پیشہ ہوتا ہے ۔ ٹیچرس کو درس و تدریس کے ان کے فریضہ سے بڑھ کر ایک فرد اور ایک انسان کی حیثیت سے طلبہ میں بصیرت پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ بچوں کے اندر صلاحیتیں ہوتی ہیں ۔ انہیں پروان چڑھانے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ وہ غلام احمد کالج آف ایجوکیشن کی کالج ڈے تقریب میں طلبہ سے مخاطب کررہے تھے ۔ بعد ازاں انہوں نے یونیورسٹی ٹاپرس اور اس کالج کے میرٹ طلبہ کو گولڈ میڈلس پیش کئے ۔ اور انہیں مبارکباد دی ۔ مسٹر ظفر جاوید سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی نے طلبہ کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور اس بات کے لیے زور دیا کہ ٹیچرس درس و تدریس کی ذمہ داری کو نہایت سنجیدگی کے ساتھ پورا کریں کیوں کہ مستقبل کی نسلوں کو بنانے میں ان کا اہم رول ہوتا ہے ۔ قبل ازیں کونڈا ویشویشور ریڈی جنہوں نے امریکہ کے ایک کالج میں ایک ایڈجنکٹ فیکلٹی کی حیثیت سے پڑھایا بھی ہے ، کہا کہ ان کے حلقہ کے دیہی علاقوں کے 12 ویں جماعت کے طلبہ کو پڑھانے کا ان کا تجربہ ان کے لیے بہت اہم تجربہ ہے ۔ اس تقریب کی صدارت چیرمین سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی مسٹر خان لطیف محمد خاں نے کی ۔ اس موقع پر ٹرسٹی ڈاکٹر میر اکبر علی خاں وائس چیرمین ، مسٹر محمد ولی اللہ پرنسپل غلام احمد کالج آف ایجوکیشن ڈاکٹر ویبھا استھانہ اور چیرمین جی اے سی ای مسٹر ایس اے وہاب ، پروفیسر بشیر احمد ، مسٹر نثار احمد بھی موجود تھے ۔۔