حق کیلئے آواز اٹھانے پر ٹی آر ایس کی ظالمانہ کارروائی ، اتم کمار ریڈی صدر تلنگانہ پی سی سی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اپریل : ( ساست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے حق کی آواز اٹھانے والوں کے خلاف ظالمانہ رویہ اپنانے کا ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا وملااکا کے بشمول طلبہ اور کسانوں کے خلاف 17 جھوٹے مقدمات درج کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے فوری ان مقدمات سے دستبرداری اختیار کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر اتم کمار ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر ورکنگ پریسڈنٹ مسٹر ملو بٹی وکرامارک قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل مسٹر محمد علی شبیر اے آئی سی سی ترجمان مسٹر مدھو گوڑ یشکی سابق مرکزی مملکتی وزیر مسٹر بلرام نائیک سابق ایم پی مسٹر راجیا بھی موجود تھے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ مفادات کے خلاف کام کررہی ہے ۔ حق تلفی ، ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے والوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں ہراساں و پریشان کررہی ہے ۔ انہوں نے جہدکار ، طلبہ اور کسانوں کے خلاف عائد کردہ تمام مقدمات سے دستبرداری اختیار کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ مسٹر محمد علی شبیر نے یونائٹیڈ تلنگانہ فرنٹ کی قائد مسز وملااکا اور ان کے شوہر امر کے علاوہ 17 افراد کے خلاف مقدمات درج کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بیڑی مزدوروں سے انصاف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے 23 مارچ کو ماچاریڈی ضلع نظام آباد میں پرامن احتجاج کیاتھا ان کی جانب سے منعقد کی گئی میٹنگ مکمل پرامن تھی باوجود اس کے ان کے خلاف 27 مارچ کو مجرمانہ سازش کے تحت سیکشن 120B کے علاوہ 26 ، 25 ، 149 ، 109 ، 386 ، 148 ، 144 سیکشنس کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے حق گوئی سے کام لینے والوں کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی ہے ۔ قائد اپوزیشن کونسل مسٹر محمد علی شبیر نے کہا کہ مسز وملااکا کے بشمول دوسرے قائدین نے کانگریس حکومت کے خلاف کھل کر تحریک چلائی تھی تاہم کانگریس پارٹی نے انہیں کبھی دشمن کی نظر سے نہیں دیکھا بلکہ اظہار خیال کی مکمل آزادی دی گئی تھی ۔ سچ بولنے اور ناانصافی کے خلاف تحریک چلانے والوں کی ٹی آر ایس حکومت آواز دبانے کی کوشش کررہی ہے ۔ شاید چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ بھول رہے ہیں کہ وملااکا نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ کانگریس کمیٹی مسٹر ملوبٹی وکرامارک نے کہا کہ کھمم میں احتجاجی ریالی منظم کرنے والے جہدکار کسانوں اور طلبہ کے خلاف ٹی آر ایس حکومت نے بشمول قتل مقدمہ کے دوسرے مقدمات درج کئے ہیں ۔ کانگریس پارٹی نے حقائق کا جائزہ لینے کے لیے مسٹر کودنڈا ریڈی کی قیادت میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔۔