طلبا کے میس چارجس اور وظائف میں اضافہ کا خیر مقدم

چیف منسٹر کا فیصلہ انسانی ہمدردی پر مبنی ۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قائدین کا رد عمل
حیدرآباد ۔ 28۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے چیف منسٹر کی جانب سے طلبہ کے میس چارجس اور وظائف سے متعلق اعلانات کا خیرمقدم کیا ہے ۔ رکن پارلیمنٹ بی سمن اور رکن اسمبلی و نائب صدرنشین مشن بھگیرتا وی پرشاد ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سیشن کے دوران چیف منسٹر نے عوام کی بھلائی سے متعلق کئی اہم اعلانات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر چیف منسٹر نے بروقت اعلانات کرتے ہوئے طلبہ کے دیرینہ مطالبات کی یکسوئی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں میس چارجس میں اضافہ کیلئے طلبہ کو دھرنا اور راستہ روکو احتجاج کرتے دیکھا گیا۔ چیف منسٹر نے ہاسٹلس میں مقیم غریب طلبہ کی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے میس چارجس میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ رکن پارلیمنٹ سمن نے کہا کہ آشا ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کا مسئلہ اگرچہ ریاستی حکومت سے تعلق نہیں رکھتا ، اس کے باوجود انسانی بنیادوں پر چیف منسٹر نے تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان کیا۔ سابق میں بیڑی ورکرس کے وظائف کے بارے میں کسی بھی حکومت نے توجہ نہیں دی تھی ۔ 2014 ء کے انتخابات کے موقع پر کے سی آر اور کویتا نے بیڑی ورکرس کو وظیفہ فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ تلنگانہ حکومت کی تشکیل کے بعد اس وعدہ پر عمل آوری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایک گھر میں دو افراد کو پنشن حاصل ہونے کے سلسلہ میں بعض اندیشوں کا اظہار کیا جارہا تھا ۔ ارکان اسمبلی نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی کی اور 81,000 بیڑی ورکرس کا تحفظ کرنے کی اپیل کی۔ چیف منسٹر نے بیڑی ورکر اور اس کے کسی ضعیف رشتہ دار کو بیک وقت وظیفہ کے حصول کو منظوری دیدی ہے ۔ اس طرح چیف منسٹر نے انسانی ہمدردی کا بے مثال مظاہرہ کیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ عوامی بھلائی کی اسکیمات میں تلنگانہ ملک میں سرفہرست ہے اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دیگر چیف منسٹرس کے مقابلہ میں مثال قائم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی اور خوشحالی کے سلسلہ میں چیف منسٹر کی دلچسپی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ برقی مہنگائی کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے میس چارجس میں اضافہ کا فیصلہ کیا ۔ سمن نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے طلبہ کے مسائل کی یکسوئی پر کبھی بھی توجہ نہیں دی۔ جب کبھی طلبہ نے مسائل کیلئے جدوجہد کی تو ان پر مقدمات درج کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے اس اعلان سے طلبہ میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے اور وہ تلنگانہ کی طلبہ برادری کی جانب سے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ نے حکومت کے اعلانات پر اپوزیشن کی تنقیدوں کو غیر ضروری قرار دیا اور کہا کہ اپوزیشن تلنگانہ اسمبلی میں عوامی مسائل پر تعمیری رول ادا کرنے میں ناکام رہا ہے ۔