طلباء کو ڈاکٹر یا انجینئر سے زیادہ اچھے انسان بننے کا مشورہ

کجریوال کی بحیثیت چیف منسٹر پہلی عوامی تقریب میں شرکت ، این سی سی کیڈٹس سے خطاب
نئی دہلی ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج پہلی مرتبہ عوامی تقریب میں حصہ لیتے ہوئے نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ دفاعی عہدیدار نے بتایا کہ یہ ایک روایت رہی ہیکہ چیف منسٹر ہر سال این سی سی ریپبلک ڈے کیمپ کے مہمان خصوصی ہوتے اور گارڈ آف آنر کا مشاہدہ کرتے ہیں۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ان کی آئی آر ایس آفیسر اہلیہ سنیتا بھی موجود تھی۔ اروند کجریوال نے 2000 سے زائد کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے قوم کی تعمیر میں ان کے رول کی ستائش کی۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ ایک اچھے انسان بنیں اور قوم کی خدمت کرے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جب کسی سے پوچھا جاتا ہیکہ وہ کیا بننا چاہتے ہیں تو یہی جواب ملتا ہیکہ ڈاکٹر یا انجینئر۔

لیکن ان کا مشورہ یہ ہیکہ ایک اچھے انسان بنیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پیشہ اختیار کیا جاسکتا ہے لیکن آپ کا مقصد یہ ہونا چاہئے کہ آپ ایک اچھے انسان بنیں۔ اِس دوران عام آدمی پارٹی ہیڈکوارٹرس پر حملہ کے دلسوز واقعہ کے بعد دہلی ہائیکورٹ میں عاجلانہ طور پر داخل کی گئی ایک درخواست میں عدالت سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ وزیراعلی اروند کیجریوال کو اس بات کا پابند بنائے کہ وہ بحیثیت وزیراعلی سیکوریٹی لئے جانے سے انکار نہ کریں ۔ جسٹس بی ڈی احمد اور سدھارتھ مردول پر مشتمل ایک بنچ کے روبرو ایک درخواست کی تھی جہاں انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ باقاعدہ طور پر درخواست کا ادخال کریں جس پر عنقریب سماعت کی جائے گی ۔ ایڈوکیٹ انوپ اوستھی نے عدالت سے کہا کہ وزیراعلی کیجریوال سیکوریٹی لینے سے مسلسل انکار کررہے ہیں حالانکہ دہلی پولیس انہیں سیکوریٹی فراہم کرنے بضد ہے ۔ سیکوریٹی سے استفادہ نہ کرتے ہوئے کیجریوال خود اپنے آپ کو اور اپنے کابینی وزراء کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔یاد رہے کے کل عام آدمی پارٹی کے دفتر پر حملہ کے بعد یہ درخواست داخل کی گئی ہے ۔