حیدرآباد ۔ 26 ۔ فروری : ( راست ) : ایمان والوں کو اللہ رب العزت سے خاص نسبت حاصل ہے ایسے بھی طلباء عزیز کو قرآن اور صاحب قرآن یعنی حضرت محمد ﷺ سے نسبت حاصل ہے وہ ہے حافظ قرآن و مہمان رسولؐ یہ بڑی نعمت ہے اس کی قدر کرنے کی تلقین کی ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا حافظ محمد ذکی الدین راہی حسامی سیوانگری بانی و مہتمم دارالعلوم ابراہیمیہ اسبسطاس ہلز کالونی نے احاطہ دارالعلوم ابراہیمیہ میں منعقدہ طلباء کے خصوصی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا نے کہا حضورؐ کا ارشاد ہے جو شخص علم دین کے حصول کی طلب میں مصروف رہتا ہے اللہ تعالیٰ اس کی روزی کے ذمہ دار ہوجاتے ہیں ۔
ایک حدیث میں حضورؐ کا فرمان ہے تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن سیکھے اور دوسروں کو سکھائے ۔ نسبت قرآن اور نسبت کی لاج رکھیں گناہوں سے بچیں ۔ اخلاق حسنہ اپنائیں ۔ مولانا حسامی نے کہا مثال کے طور پر ایک کپڑا وہ ہے جو ہمارے بدن پر استعمال ہوتا ہے اور ایک کپڑا وہ ہے جو قرآن کے محفوظ رکھنے میں استعمال ہوتا ہے جسے جزدان کہتے ہیں جزدان کی کوئی حقیقت نہیں ہے لیکن اس کی نسبت قرآن مجید سے جڑ گئی ۔ اس لیے اس کپڑے کا مقام بڑھ گیا ۔ اس کو بھی بے وضو ہاتھ نہیں لگا سکتے ۔ اللہ رب العزت کو ایمان والی نسبت بہت محبوب ہے ۔ اسی لیے حضرت سیدنا علیؓ فرمایا کرتے تھے کہ اے اللہ میرے لیے یہی عزت کافی ہے کہ تو میرا پروردگار ہے اور میرے لیے یہی فخر کافی ہے کہ میں تیرا بندہ ہوں ایمان والوں کو کلمہ کی نسبت پر وہ مقام حاصل ہے جس مقام کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ۔۔