طلباء تنظیم کے نائب صدر کے انتخاب کا مسئلہ

یونیورسٹی آف حیدرآباد کے طلبا کی بھوک ہڑتال تیسرے دن میں داخل
حیدرآباد 2 نومبر ( پی ٹی آئی ) یونیورسٹی آف حیدرآباد کے کیمپس میں طلبا کے ایک گروپ کی جانب سے اسٹوڈنٹس یونین کے نائب صدر کے انتخاب کے مسئلہ پر شروع کی گئی زنجیری بھوک ہڑتال آج تیسرے دن میں داخل ہوگئی ۔ یونیورسٹی نے کل ہائیکورٹ کے ایک موظف جج سے درخواست کی تھی کہ وہ الیکشن کے مسئلہ کا جائزہ لینے کے بعد انتظامیہ کو مشورہ دیں۔ طلبا نے اپنے احتجاج سے دستبرداری سے انکار کردیا گیا تھا جس کے بعد یہ درخواست کی گئی ۔ تاہم طلبا نے آج انتباہ دیا کہ اگر ان کے مطالبات کی تکمیل نہیں ہوتی ہے تو وہ پیر سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال کا آغاز کرینگے ۔ طلبا کے ایک گروپ نے ٹرائبل اسٹوڈنٹس فورم کے بیانتر تلے منگل سے بھوک ہڑتال کا آغاز کیا تھا اور ان کا مطالبہ تھا کہ نریش لوناوتھ نامی طالب علم کو یونین کا منتخب نائب صدر قرار دیا جائے ۔ 2017 – 18 کیلئے طلبا تنظیم کے انتخابات 21 ستمبر کو منعقد ہوئے تھے ۔ تاہم یونیورسٹی نے نتائج کا اعلان نہیں کیا ہے کیونکہ یہ الزامات عائد کئے گئے ہیں کہ لوناوتھ کی یونیورسٹی میں حاضری 75 فیصد سے کم ہے ۔