طلاق ثلاثہ پر سخت موقف اختیار کرنے مرکز کا فیصلہ

نئی دہلی 23 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی حکومت امکان ہے کہ سپریم کورٹ میں طلاق سہ بارہ کے مسئلہ پر سخت گیر موقف اختیار کریگی سپریم کورٹ میں اس مسئلہ پر ایک درخواست کی سماعت ہو رہی ہے جس میں طلاق ثلاثہ کو شرعی قوانین کے تحت تسلیم کئے جانے کو بالکلیہ غلط قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ غیر واجبی اور امتیازی ہے اور کئی اسلامی ممالک میں اپنے تازہ قوانین تیار کرلئے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت کا یہ بھی خیال ہے کہ اس مسئلہ کو یکساںسیول کوڈ کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہئے بلکہ اسے جنسی انصاف اور خواتین کے بنیادی حقوق کے تناظر میں دیکھے جانے کی ضرورت ہے ۔ حکومت کے ایک سینئر ذمہ دار نے کہا کہ شرعی قوانین کے تحت طلاق ثلاثہ کو اہمیت دیا جانا بالکلیہ غلط ہے ۔ تقریبا ایسے 20 اسلامی ممالک ہیں جنہوں نے اپنے ازدواجی قوانین تیار کرلئے ہیں۔ ان میں پاکستان ‘ بنگلہ دیش اور کچھ عرب ممالک جیسے سعودی عرب بھی شامل ہیں۔