طلاق ثلاثہ : سپریم کورٹ میں شاعرہ بانو کو خواتین کمیشن کی تائید

نئی دہلی ۔ یکم ؍ جون (سیاست ڈاٹ کام) قومی کمیشن برائے خواتین دہرہ دون کی شاعرہ بانو کے مقدمہ میں سپریم کورٹ میں اس کی تائید کرے گا۔ شاعرہ بانو نے طلاق ثلاثہ کے رواج کو منسوخ کردینے کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیشن کی صدرنشین للیتا کمارا منگلم نے آج کہا کہ کمیشن سپریم کورٹ میں 35 سالہ بانو کے مقدمہ میں اس کی تائید کرے گا جس نے مسلم پرسنل لا میں یکطرفہ طور پر طلاق اور زبانی طلاق ثلاثہ کو منسوخ کردینے کی درخواست کی ہے۔ قومی کمیشن برائے خواتین پہلے ہی اس مقدمہ کا ایک فریق ہے۔ اس کی صدرنشین نے کہا کہ ہمارے مطالبہ کو 200 فیصد تائید حاصل ہے۔ ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ شاعرہ بانو مقدمہ جیت جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی کئی تنظیمیں طلاق ثلاثہ کو مسترد کرچکی ہیں کیونکہ یہ قرآن مجید کے احکام کے مطابق نہیں ہے۔ بی ایم ایم اے نے جو ایک خواتین کے حقوق کی تنظیم ہے ۔ طلاق ثلاثہ منسوخ کرنے کے مطالبہ کی تائید میں 50 ہزار دستخطیں حاصل کرچکی ہیں۔