مودی حکومت ،نئے ہندوستان کیلئے سرگرم ،عوام میں کرن کی امید ، پارلیمنٹ میں صدر جمہوریہ کا خطاب
نئی دہلی ۔31جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا کہ طلاق ثلاثہ بل کا مقصد مسلم خواتین کو ’’ خوف کی زندگی‘‘ سے چھٹکارہ دلانا ہے ۔ پارلیمنٹ بجٹ سیشن کے آغاز پر دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ حکومت کو طلاق ثلاثہ بل پارلیمنٹ میں منظور کرانے کیلئے سخت جدوجہد کرنی پڑرہی ہے ۔ ہماری مسلم بیٹیوں کو خوف کی زندگی کے چھٹکارہ دلانے کے مقصد سے یہ بل لایا گیا ہے ۔ مسلم خواتین میں طلاق ثلاثہ کو لیکر فکر پائی جاتی ہے اور خواتین بے چینی کا شکار ہوتے ہیں ۔ ہم اپنی ان بیٹیوں کو دیگر بیٹیوں کے ساتھ اپنی زندگیاں آزادی سے گذارنے کایکساں حق دینا چاہتے ہیں ۔ گذشتہ سال ڈسمبر میں طلاق ثلاثہ کے عمل کو روکنے کیلئے ایک تازہ بل پیش کیا گیا تھا ۔ مسلمانوں میں طلاق ثلاثہ کو تعزیری جرم قرار دیا گیا ہے ۔ بل کو لوک سبھا میں متعارف کراتے ہوئے گذشتہ ستمبر میں جاری کردہ آرڈیننس کی جگہ نیا بل لایا گیا تھا ۔
مجوزہ قانون کے تحت بروقت تین طلاق دینا تعزیری جرم قرار دیا گیا ہے اور شوہر کیلئے تین سال کی سزا تجویز کی گئی ہے ۔ مسلم ویمنس پروٹیکشن آف رائٹس آن میاریج بل 2018ء کو لوک سبھا میں منظور کرلیا گیا ہے لیکن راجیہ سبھا میں زیرالتوا ہے ۔ صدر جمہوریہ نے مودی حکومت کے پروگراموں کے بارے میں واضح کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سماجی انصاف کیلئے پابند عہد ہے ۔ عوام کیلئے مختلف ترقیاتی کام انجام دے رہی ہے ۔ 2014ء میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد مودی حکومت نے ’’نئے ہندوستان ‘‘ کی تعمیر پر کام کرنا شروع کیا ہے ۔ مودی حکومت نے ایک ایسے وقت اقتدار حاصل کیا ہے جب ملک غیر یقینی حالات سے دوچار تھا ۔ صدر جمہوریہ نے اپنے خطاب میں متنازعہ رافیل معاہدہ کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ انڈین ایئرفورس کو الٹرا ماڈرن لڑاکا طیاروں سے آراستہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے عام زمرے کے غریب افراد کیلئے 10فیصد تحفظات دینے متنازعہ شہریت ترمیمی بل پر بھی اظہار خیال کیا ۔ پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں ایک گھنٹہ طویل تقریر کرتے ہوئے انہوں نے 2014ء عام انتخابات سے قبل اور بعد کے حالات کا تجزیاتی جائزہ پیش کیا ۔ پارلیمنٹ ہال میں نائب صدر جمہوریہ وینکیا نائیڈو ، وزیراعظم نریندر مودی ، صدر کانگریس راہول گاندھی ، مرکزی وزراء اور دیگر ارکان پارلیمنٹ شریک تھے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے چار سال کے دوران مودی حکومت نے ملک کی عوام کے اندر نئی امید کی کرن پیدا کی ہے ۔ بیرونی ممالک ملک کے وقار کو بلند کیا ہے ، سماج میں موثر تبدیلی لاتے ہوئے معاشی سطح پر ترقی کی راہوں کو کشادہ کیا ہے ۔ حکومت کے کارناموں کو پیش کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ مختلف بہبودی اسکیمات پر عمل کیا جارہا ہے ، اس سے 21 کروڑ غریب عوام مستفید ہورہے ہیں ۔ وزیراعظم کی لائف انشورنس اسکیم سے لوگ فائدہ حاصل کررہے ہیں ۔ دو کروڑ سے زائد گھروں کو برقی کنکشن حاصل ہوا ہے ۔