طرابلس۔ 24؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ لیبیا میں نیم فوجی تنظیموں کے اتحاد نے کہا ہے کہ انھوں نے ایک دوسرے مسلح گروہ کے ساتھ لڑائی کے بعد طرابلس کے ہوائی اڈے کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ طرابلس کا یہ بین الاقوامی ہوائی اڈہ گزشتہ ماہ ہونے والی ڑائی کے بعد سے بند ہے۔ جولائی میں اسی ہوائی اڈے پر راکٹ حملوں کے نتیجہ میں 90 فیصد جہاز تباہ ہوگئے تھے۔ بن غازی میں واقع لیبیا کا دوسرا بڑا ایرپورٹ پچھلے تین ماہ سے بند پڑا ہے۔ اس وقت لیبیا میں صرف مصراتہ کا ایرپورٹ ہی کام کررہا ہے۔ لیبیا میں سابق حکمران معمر قذافی کے خلاف 2011ء میں بغاوت کرنے والے مسلح گروہوں کے درمیان مسلسل تنازعات جاری ہیں۔ حالیہ لڑائی میں سینکڑوں لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔ لیبیا میں جاری حالیہ پُرتشدد کارروائیوں کا مرکز طرابلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور بن غازی شہر ہیں۔ اندازوں کے مطابق اس کشیدگی میں صرف جولائی اور اگسٹ کے مہینوں میں سینکڑوں لوگ ہلاک ہوئے، ہزاروں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑکر نقل مکان کرنا پڑا۔ معمر قذافی کی معزولی اور قتل کے تین سال گزرنے کے بعد بھی لیبیا کی پولیس اور فوج ملک میں سرگرم تمام نیم فوجی تنظیموں سے زیادہ مضبوط نہیں ہوسکی۔ یہ نیم فوجی تنظیمیں ملک کے زیادہ تر حصّوں پر قابض ہیں۔