طرابلس ۔ /5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) لیبیا کے ساحلی محافظوں نے 120 سے زیادہ تارکین وطن بشمول خواتین و اطفال کو آج بچالیا ۔ جبکہ ان کی کشتی طوفان کا شکار ہوگئی تھی ۔ تارکین وطن سبرتا سے طرابلس جارہے تھے تاکہ بردہ فروشوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرسکیں لیکن ان کی کشتی کا انجن ناکارہ ہوگیا ۔ بچاؤ ٹیم نے کہا کہ ساحلی محافظین کی طلایہ گرد کشتی میں انہیں طرابلس کے شمال مشرق میں 20 بحری میل کے فاصلہ پر بچالیا ۔ عہدیدار کے بموجب کشتی میں مختلف آفریقی ممالک کے شہری بشمول 10 خواتین اور 5 بچے اور ایک نومولود بچہ شامل تھے ۔ حال ہی میں یوروپ جانے والے 400 سے زیادہ تارکین وطن کو روک لیا گیا ہے ۔ یوروپی یونین کے قائدین کی مالٹا میں چوٹی کانفرنس کے دوران لیبیا سے کثیر تعداد میں ترک وطن کے اقدامات کو روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ لیبیا میں 2011 ء کی بغاوت میں مرد آہن معمر قذافی کی اقتدار سے بیدخلی کے بعد لیبیا میں انتشار پھیلادیا ہے ۔ اٹلی کے ساحلی محافظین کے بموجب 24 گھنٹے کے اندر بحر روم سے 1750 سے زیادہ تارکین وطن کو ڈوبنے سے بچالیا گیا ۔ 2017 ء کے آغاز سے اب تک تقریباً230 تارکین وطن یوروپ جاتے ہوئے فوت ہوگئے ۔