طرابلس۔ 3؍اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام)۔ لیبیا کی عبوری حکومت کے بموجب نیم فوجی تنظیم کے جنگجوؤں اور سرکاری فوج کے درمیان انٹرنیشنل ایرپورٹ پر قبضہ کرنے کے لئے جاری آج کی جھڑپ میں کم از کم 22 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکومت کے آج جاری کردہ بیان کے بموجب زبردست مسلح گروپس نے شہری اہداف پر شلباری کی اور ہزاروں شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈال دیا۔ سینکڑوں خاندان بے گھر ہوگئے۔ 22 افراد ایک ہی دن میں ہلاک ہوگئے۔ یہ اب تک کی ہلاکتوں کی سب سے کم تعداد ہے جو ایک دن میں واقع ہوئی ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں جملہ 200 افراد ایسی جھڑپوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ لیبیا 2011ء کی بغاوت کے بعد سے جس میں کرنل معمر قذافی کو اقتدار سے بے دخل کردیا گیا تھا، بدترین تشدد کی گرفت میں ہے۔ اسلامی نیم فوجی جنگجوؤں نے جو ساحلی شہر مصراتا سے تعلق رکھتے ہیں، ایرپورٹ پر حملہ کی قیادت کررہے تھے۔ وہ پہاڑی قصبہ زنتان کے اس بین الاقوامی ایرپورٹ پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔ جنگجو زیادہ تر سابق باغی ہیں جنھوں نے ناٹو کے فضائی حملوں کی مدد سے معمر قذافی کو اقتدار سے بے دخل کردیا تھا۔