طب یونانی کے ساتھ طب نبویؐ کو فروغ دینے پر زور

حجامہ کے ڈاکٹرس کی تہنیتی تقریب ، اسناد کی پیشکشی ، جناب زاہد علی خاں ، ڈاکٹر ایم اے وحید اور ڈاکٹر میر یوسف علی کاخطاب
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے یہاں محبوب حسین جگر ہال عابڈس میں حجامہ کیمپ میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس / اطباء کو تہنیت پیش کرتے ہوئے ان کو سرٹیفیکٹ عطا کئے اور اس موقع پر اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اخبار سیاست کو جس خدمت کے لیے چنا ہے وہ کماحقہ ان تمام شعبہ جات میں اپنی خدمات بہ خوبی انجام دے رہا ہے ۔ حجامہ کیمپ کا انعقاد ان سرگرمیوں کی ایک کڑی ہے ۔ سیاست کے انٹرنیٹ / ای پیپر کے ذریعہ دنیا بھر کے 107ممالک کے 3500 شہروں میں 16 لاکھ سے زائد قارئین ہیں اور انہوں نے سیاست میں چھپی خبر ’ حجامہ ‘ کے متعلق استفسار کیا اور عوام میں حجامہ کے بارے میں جاننے کی دلچسپی بڑھ رہی ہے ۔ سیاست حیدرآباد کی تاریخی کو کتابوں کی شکل میں پیش کرتے ہوئے اس کے بقاء اور استحکام کے لیے سرگرم ہے ۔ چنانچہ عکس حیدرآباد کا اب دوسرا ایڈیشن نئی شمولیت کے ساتھ زیور طباعت سے آراستہ ہونے جارہا ہے ۔ حکیم اجمل خان کے طبی خدمات تاریخ ساز ہیں ۔ سیاست ، حکیم اجمل خان کی فارسی میں تحریری کتاب جو نہایت بوسیدہ حالت میں ہے حاصل کیا اب کسی ماہر طبیب اور فارسی داں کی خدمات حاصل کرتے ہوئے اس کو شائع کرنا چاہتا ہے ۔ حکیم اجمل خاں کے طبی خدمات نہ صرف ہندوستان ، برصغیر بلکہ عرب ممالک تک پھیلے ہوئے ہیں ۔ طب یونانی کے متعلق جناب زاہد علی خاں نے اپنی تقریر کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یہ طب ختم ہونے کے قریب تھا حیدرآباد اور کرنول کے یونانی کالج میں طلبہ کی عدم دستیابی کی وجہ نہایت ابتر حالت تھی اور حیدرآباد میں خانگی میڈیکل کالج میں بھاری رقومات کے عوض داخلے کا دور شروع ہوا ایسے حالات میں متبادل طب کے طور پر ادارہ سیاست نے بی یو ایم ایس میں داخلے کے لیے کوچنگ کا انعقاد کیا ۔ پہلے سال طلبہ کو داخلے پر اسپانسر شپ دی گئی اب یونانی میڈیسن میں داخلے کے لیے 1:10 کے تناسب سے مقابلہ ہے ۔ حیدرآباد کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں کلورو فارم دریافت ہوا اس سے پہلے مریض کو بغیر بے ہوش کئے آپریشن کئے جاتے تھے ۔ ادارہ سیاست طب یونانی کے ذریعہ طب نبویؐ کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے اور حجامہ کے ذریعہ کئی کہنہ مشق امراض کا علاج ہے ۔ انہوں نے یونانی ڈاکٹرس کا جنہوں نے حجامہ میں خدمات انجام دے کر سرٹیفیکٹ حاصل کئے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے انسانی خدمت کا مشورہ دیا ۔ ڈاکٹر میر یوسف علی ایڈیشنل ڈائرکٹر محکمہ آیوش حکومت تلنگانہ مہمان خصوصی اپنی تقریر میں یونانی ڈاکٹرس کو مشورہ دیا کہ وہ خدمت خلق کے جذبہ کے تحت اپنے شہر سے وابستہ ہو کر خدمات انجام دیں ۔ آج یہ پیشہ ایک کمرشیل نوعیت کا بن چکا ہے ۔ یونانی طب اور تعلیم کے فروغ کے لیے انہوں نے سیاست کی کاوشوں کی ستائش کی اور حجامہ کیمپ کے کامیاب انعقاد پر اس کو جاری رکھنے اور وسعت دینے کا مشورہ دیا ۔ اس سے کہنہ امراض کا علاج بھی کیا جاسکتا ہے ۔ یہ سنت رسولؐ بھی ہے اور اس پیشہ کے ذریعہ بنی نوع انسانی کی خدمت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ اس طرح انہوں نے طبی خدمت کو خدمت خلق قرار دیا ۔ ڈاکٹر ایم اے وحید ڈائرکٹر سنٹرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف یونانی میڈیسن نے حجامہ کے متعلق کہا کہ رسول اللہ ﷺ کی سنت ہے اور آپؐ نے حیات طیبہ میں حجامہ کروایا اور اس کی رہنمائی کی ۔ یونانی طب کے ذریعہ عوام الناس کی بہتر خدمت کرسکتے ہیں ۔ اور طب یونانی کی بقاء اور استحکام کے ساتھ اس کو فروغ دینے پر زور دیا ۔ ڈاکٹر سید غوث الدین سابق مشیر یونانی حکومت اے پی نے اپنی خیر مقدمی تقریر میں کہا کہ گذشتہ 6 ماہ کے عرصہ میں دفتر سیاست میں خواتین اور مرد حضرات کے لیے علحدہ علحدہ حجامہ کیمپ منعقد ہوئے جس میں 4 ہزار مریضوں نے اپنا حجامہ کروایا اور 35 لیڈی ڈاکٹرس اور 25 مرد ڈاکٹرس نے اپنی خدمات انجام دیں ۔ دیگر ماڈرن طب کے نامور ڈاکٹرس حجامہ کے متعلق دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے رجوع ہورہے ہیں اور اضلاع میں ایسے کیمپ رکھے جائیں گے ۔ سیاست کی جانب سے منعقدہ حجامہ کیمپ میں شرکت کرنے کے لیے ناگپور ، پونہ ، ممبئی ، جے پور ، اورنگ آباد ، پربھنی سے بھی لوگ تشریف لارہے ہیں ۔ ڈاکٹر محمد عبدالمجیب نے حجامہ کیمپ کے انعقاد کے اغراض و مقاصد بتاتے ہوئے اس کے لیے بھر پور تعاون اور اشتراک کے لیے ادارہ سیاست سے اظہار تشکر کیا ۔ ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ جو خواتین حجامہ کی نگران کار تھیں نے ادارہ سیاست کے ذمہ داران جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب ظہیر الدین علی خاں مینجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست ، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے علاوہ ڈاکٹر سید غوث الدین کا شکریہ ادا کیا اور اپنے استاد ڈاکٹر صدر الدین شاہد سے اظہار تشکر کیا ۔ پروگرام کا آغاز محمد منور کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ اس تقریب میں یونانی ڈاکٹرس اطباء کی کثیر تعداد جن میں ڈاکٹر محمد سراج الحق معالجات ، ڈاکٹر صدر الدین شاہد آر ایم او نظامیہ جنرل ہاسپٹل ، ڈاکٹر احمد شفیع الدین ، ڈاکٹر زین العابدین ، احمد صدیقی مکیش ، علی رضا ، خالد محی الدین اسد دیگر موجود تھے ۔ ایم اے حمید نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ آخر میں ڈاکٹر یسریٰ فاطمہ نے شکریہ ادا کیا ۔۔