حیدرآباد ہیلت ہب کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ لکشما ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 6 اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر صحت و طبابت لکشما ریڈی نے کہا کہ ریاست میں مفت و مثالی طبی خدمات کے ذریعہ حیدرآباد ہیلت ہب کے طور پر ترقی کررہا ہے جبکہ طبی خدمات کی فراہمی میں تلنگانہ کو ملک بھر میں دوسرا مقام حاصل ہے۔ گورنمنٹ نرسنگ کالج کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر صحت و طبابت نے تلنگانہ حکومت میں سرکاری دواخانوں سے متعلق عوام کی رائے کا تذکرہ کیا اور کہا کہ فی الوقت تلنگانہ حکومت میں سرکاری دواخانوں کے متعلق عوام میں ایک نیا اعتماد پیدا ہوا ہے اور آروگیہ شری خدمات کے سلسلے میں بھی عوام کو کوئی تکالیف یا مشکلات نہیں ہیں اور گزشتہ عرصہ کے مقابلے آروگیہ شری اسکیم سے استفادہ کرنے والے غریب عوام کے فیصد میں 20 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ شعبہ میں ڈائریکٹر کے تقرر کو یقینی بنانے کیلئے ممکنہ کوشش کریں گے۔ لکشما ریڈی نے بتایا کہ کالوجی نارائن راؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسیس کے شعبہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر عہدہ کی جائیداد پر تقرر عمل میں لایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت سرکاری دواخانوں میں کارپوریٹ ہاسپٹلس کے خطوط پر عصری طبی سہولتیں ہیں۔ اس افتتاحی تقریب میں رکن اسمبلی خیریت آباد سی رامچندرا ریڈی ، پرنسپال سیکریٹری محکمہ صحت و طبابت راجیشور تیواری اور دیگر بھی موجود تھے۔