25 لاکھ روپیوں کا اعلان ، خاندان کے رکن کو سرکاری ملازمت ، چیف منسٹر کا اعلان
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے اے بی سی ڈی زمرہ بندی کے لیے حیدرآباد کلکٹریٹ کے روبرو احتجاج کرتے ہوئے ایم آر پی ایس کی کارکن بھارتی کی ہلاکت پر صدمہ کا اظہار کیا ۔ بھارتی کے ارکان خاندان کو 25 لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے ان کے ارکان خاندان میں کسی ایک کو ملازمت فراہم کا اعلان کیا ۔ اگر بچے چھوٹے ہیں تو حکومت کی جانب سے پوسٹ گریجویشن تک مفت تعلیم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اظہار یگانگت کے لیے اسمبلی کی کارروائی کل تک ملتوی کردی گئی ۔ اراضی سروے کے مختصر مباحث کے دوران قائد اپوزیشن جانا ریڈی نے کلکٹریٹ حیدرآباد میں پیش آئے احتجاجی دھرنے کے دوران بھارتی کے ہلاکت کی اطلاع ایوان کو پیش کرتے ہوئے اس واقعہ پر بیان دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا جس کی تمام اپوزیشن جماعتوں نے تائید کی ۔ آدھا گھنٹہ تک اسپیکر اسمبلی نے ایوان کی کارروائی ملتوی کی جب ایوان کی کارروائی کا دوبارہ آغاز ہوا تو چیف منسٹر نے بیان دیتے ہوئے بھارتی کی موت پر دکھ اور صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ زمرہ بندی کے مسئلہ پر ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کے ساتھ دہلی پہونچ کر وزیر اعظم سے ملاقات کرچکے تھے کل جماعتی وفد کے ساتھ وزیراعظم سے ملاقات کا وقت طئے پاچکا تھا ۔ لمحے آخر میں ملتوی کردیا گیا ہے ۔ وہ پھر ایک مرتبہ اسمبلی کے تمام فلور لیڈرس کی دستخط حاصل کرتے ہوئے ملاقات کر کے لیے وزیراعظم کو مکتوب روانہ کریں گے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ زمرہ بندی کے حق میں ہیں ۔ اپوزیشن جماعتوں میں بھی اتفاق رائے ہے لہذا ایم آر پی ایس کے کارکن جذباتی نہ ہو ہم سب آپ کے مطالبے کی تائید میں ہے ۔ قائد اپوزیشن جانا ریڈی کے علاوہ بی جے پی کے فلور لیڈر کشن ریڈی تلگو دیشم کے رکن اسمبلی وینکٹ ویریا کے علاوہ دوسری جماعتوں کے ارکان اسمبلی نے 25 لاکھ روپئے کے ایکس گریشیا کا خیر مقدم کرتے ہوئے بھارتی کے ارکان میں کسی ایک کو ملازمت فراہم کرنے کا مطالبہ جس سے چیف منسٹر نے اتفاق کیا ۔ اگر بچے چھوٹے ہیں سرکاری مصارف پر پی جی تک مفت تعلیم فراہم کرنے کا تیقن دیا ۔۔