طاہر القادری پاکستان سے روانہ اپوزیشن کا حکومت سے معاملت کا دعوی

لاہور 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی دارالحکومت میں اپنے زائد از دو ماہ طویل مخالف حکومت احتجاج کا یکا یک اختتام کرنے کے بعد شعلہ بیان عالم دین طاہر القادری اس ملک سے روانہ ہوگئے ، جس پر یہ قیاس آرائی شروع ہوگئی کہ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ کوئی معاملت کرلی ہے۔ اپنے ’’بیرونی سفر‘‘سے قبل پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ مختلف ممالک کو ان کے دورہ کا مقصد ان کی پارٹی کو منظم کرنا اور اس کیلئے فنڈس اکٹھا کرنا ہے ۔ جیو نیوز نے کہا کہ کناڈا نشین علامہ نے کہا کہ تحریک کے دھرنا نے ورکرس اور عام لوگوں میں ’’سیاسی بیداری پیدا کی ‘‘اور ان کے سفر کے بعد قومی سیاست میں تبدیلی آئے گی۔ علامہ قادری جو ملک سے کل روانہ ہوئے، انہوں نے کہا کہ وہ 17 نومبر کو پاکستان واپس ہوں گے۔ تاہم اپوزیشن پاکستان پیپلز پارٹی کا الزام ہے کہ علامہ نے اپنا دھرنا ختم کردیا اور شریف برادران کے ساتھ معاملت کے بعد ملک چھوڑ گئے۔