حیدرآباد ۔ 8 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ایس ایس سی کے بعد کورس اور مضامین کا انتخاب ہی مستقبل کا تعین کرتا ہے ۔ اگر کسی کو میڈیسن کرنا ہو تو سائنس کے مضامین لینا ہوگا ۔ بزنس مینجمنٹ کیرئیر کے لیے کامرس لے سکتے ہیں جب کہ انجینئرنگ / ٹکنالوجی کے لیے یم پی سی گروپ انٹر میڈیٹ سطح پر لینا ہوگا ۔ اس کے علاوہ روزگار سے مربوط کورسز کے لیے ووکیشنل اور ٹیکنیکل کورسیس ہیں طالب علم کے تعلیم اور روزگار سے جڑے کیرئیر کی تصویر بندی ایس ایس سی کے بعد کرنا چاہئے ۔ آج کئی مواقع ہیں بی اسکول ، آئی آئی ایم ، آئی آئی ٹیز ، نلسار یونیورسٹی کے لا کورسز سے متعلق معلومات کرتے ہوئے عام روایات سے ہٹ کر ان کورسیس کو اپنانا چاہئے ۔ دکن ریڈیو کے راست نشریہ پروگرام میں ایم اے حمید نے ایس ایس سی کے بعد کیا کریں سے متعلق سوالات کے جوابات میں یہ معلومات فراہم کی اور طلبہ کے ساتھ کئی سرپرستوں نے اپنے بچوں کو کیا کرنا چاہئے ۔ کونسے کورسز اچھے ہیں جیسے سوالات کئے ۔ جناب زاہد فاروقی پروگرام کوآرڈینٹر نے ریکارڈ کئے گئے سوالات اور دوران پروگرام راست پوچھے گئے سوالات کے علاوہ اسٹوڈیو میں شخصی طور پر کئے گئے سوالات کو شامل پروگرام کیا اور ایم اے حمید نے نہایت معلومات فراہم کرتے ہوئے جوابات دئیے ۔ جناب فہیم انصاری نے بڑی عمدگی سے سوالات مرتب کرنے میں معاونیت کی جب کہ آج کے پروگرام میں محمد منیر اور صفورہ موجود تھے ۔ آخر میں زاہد فاروقی نے شکریہ ادا کیا ۔۔