دہرہ دون 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ساتویں جماعت کے ایک طالب علم کو مبینہ طور پر اس کے سینئر ساتھیوں نے مار مار کر ہلاک کرڈالا اور اس کی نعش کو اسکول کے حکام نے اسکول عمارت کے اندر ہی دفن کردی تاکہ یہ معاملہ دب جائے۔ یہ بات پولیس ذرائع نے بتائی۔ یہ واقعہ 10 مارچ کو پیش آیا لیکن اتراکھنڈ کے کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال کی مداخلت کے سبب منظر عام پر آیا۔ یہ بات دہرہ دون کی ایس ایس پی نے بتائی۔ 12 سالہ متوفی لڑکے کے والدین ہاپور کے رہنے والے ہیں۔ اسکول ٹیچر، وارڈن اور دو طلباء سمیت 5 افراد کو اس سلسلہ میں گرفتار کرلیا گیا۔ سارے واقعہ کے انکشاف کے بعد لڑکے کی موت کے اسباب کا پتہ لگانے کے لئے اس کی نعش کو قبر سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا۔