حیدرآباد ۔ 29اکٹوبر ( سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ کوکٹ پلی میں ایک سڑک حادثہ کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی ۔ سڑک حادثہ میں ساتھی طالبہ کی ہلاکت کے بعد کالج کے طالب علم مشتعل ہوگئے اور بطور احتجاج دھرنا منظم کیا ۔ برہم طلبہ نے کالج کی بسوں کو نقصان پہنچایا جس میں تقریباً 10بسوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔طلبہ کے اس پُرتشدد احتجاج کے سبب ٹریفک جام ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ طلبہ کا ہجوم جو اپنے کالج کی طالبہ کے حادثہ کی اطلاع پر پہنچا تھا سڑک پر دلخراش مناظر کو دیکھ کر مشتعل ہوگیا ۔ رمیا نامی طالبہ جو سری چیتنیہ میں زیر تعلیم تھی آج صبح کالج جانے کیلئے مین روڈ پہنچی اور بی جے پی آفس کے قریب سڑک عبور کرنے کی کوشش کررہی تھی کہ سری چیتنیہ کالج کی بس کی زد میں آگئی ۔