کابل۔ 28نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) طالبان عسکریت پسندوں نے افغانستان کے جنوبی صوبے ارزگان کے سابق ڈسٹرکٹ گورنر جمعہ خان کو پھانسی دیدی۔ افغان خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ رات طالبان عسکریت پسند ڈسٹرکٹ خاص ارزگان کے سابق گورنر جمعہ خان کے گھر میں گھس گئے اور انھیں گن پوائنٹ پر گھسیٹتے ہوئے نامعلوم مقام پر لے گئے۔ ارزگان کے پولیس ہیڈ کوارٹرز کے ترجمان نور آغا کامران نے بتایا کہ جمعہ خان کی لاش بعد ازاں ڈسٹرکٹ خاص ارزگان کے علاقے کالا خور میں ایک درخت سے لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ لاش کو وصول کرنے کیلئے سکیورٹی فورسز کو روانہ کر دیا گیا۔ اگرچہ واقعے کے حوالے سے طالبان کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم ماضی میں بھی وہ ایسی کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔ قندھار سے منسلک افغان صوبہ ارزگان کو طالبان کی جائے پیدائش کہا جا سکتا ہے، جہاں طالبان کی جانب سے کارروائیاں کی جاتی رہتی ہیں۔