کابل ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے ایک عہدیدار نے کہا کہ طالبان شورش پسندوں نے مشرقی صوبہ لوگر میں ایک قافلہ پر حملہ کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر اور ان کے دو باڈی گارڈز کو ہلاک کردیا۔ محمد ناصر غیرت صدر لوگر صوبائی کونسل نے کہا کہ قمرالدین شیخ کے قافلہ پر آج علی الصبح گھات لگا کر حملہ کیا گیا جس میں وہ شدید زخمی ہوئے اور بعدازاں دواخانہ میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ صوبہ لوگر کے وسیع علاقہ میں طالبان کا اچھا اثرورسوخ ہے اور وہ کئی علاقوں پر قابض بھی ہیں۔ لب سڑک فوجی چوکیاں کثیر تعداد میں ان پر قابو پانے کیلئے قائم کی گئی ہیں۔
امریکی سینٹ کی پامپیو کو وزیرخارجہ
مقرر کرنے کی منظوری
واشنگٹن ۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سینٹ نے آج سابق ڈائرکٹر سی آئی اے مائیک پامپیو کو وزیرخارجہ امریکہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔ انہیں صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے مقرر کیا تھا اور سابق وزیرخارجہ مائک ٹلرسن کو ان کی خدمات سے سبکدوش کردیا گیا تھا۔ پامپیو ایک سال تک سی آئی اے میں خدمات انجام دینے کے بعد ڈونالڈ ٹرمپ کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ وہ کٹر مسلم دشمن اور مخالف تارکین وطن جذبات رکھنے والے سمجھے جاتے ہیں۔ وہ یوروپی یونین کے وزرائے خارجہ کانفرنس بروسلز میں اپنے ملک کے وفد کی قیادت بھی کرچکے ہیں۔